شاکی سٹی ۔8جولائی (اے پی پی):آذربائیجان کی وزارت ثقافت، کمپوزرز یونین اور شاکی سٹی ایگزیکٹو اتھارٹی کے زیر اہتمام سلک روڈ انٹرنیشنل میوزک فیسٹیول کا 14 واں ایڈیشن اختتام پذیر ہو گیا ۔ موسیقی کے شائقین تین روزہ میوزک فیسٹول کے دوران معروف میوزیکل گروپس اور ترکیہ ، چین اور آذربائیجان کے فنکاروں کی پرفارمنس سے لطف اندوز ہوئے۔فیسٹیول کی شاندار اختتامی تقریب مرخل کمپلیکس کے سمر تھیٹر میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں آذربائیجان کی سٹیٹ بارڈر سروس کے ماڈل ملٹری آرکسٹرا کی ایک پرفارمنس پیش کی گئی، جس نے کلاسیکی، جاز، پاپ اور مقبول موسیقی کے متنوع ذخیرے سے سامعین کو مسحور کر دیا۔ اس کنسرٹ کو آذربائیجان کے یوم فتح کی 5ویں سالگرہ کے لئے وقف کئے جانے کا اعلان کیا گیا تھا ۔
میوزیکل پروگرام کے بعد، فیسٹیول کے آرٹسٹک ڈائریکٹر، آذربائیجان کمپوزر یونین کے چیئرمین،اے این اے ایس کے متعلقہ ممبر، پیپلز آرٹسٹ، ورلڈ پیس آرٹسٹ، پروفیسر فرنگیز علیزادے، اور شاکی سٹی ایگزیکٹو اتھارٹی کے سربراہ ایلخان اسوبوف نے خطاب کیا ، انہوں نے تمام میزبانوں کا شکریہ ادا کیا۔ شاکی میں منعقدہ روڈ انٹرنیشنل میوزک فیسٹیول میلے کا اختتام شاندار آتش بازی کے ساتھ ہوا۔