اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی تحقیقات کا پاکستان میں شہباز شریف اور سلیمان شہباز کے کیسز سے کوئی تعلق نہیں ہے، این سی اے نے مشکوک بینک ٹرانزیکشنز کی بنیاد پر خود تحقیقات شروع کی تھیں اس میں پاکستان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، سلیمان شہباز پاکستان میں منی لانڈرنگ کیس میں اشتہاری اور مفرور ہیں، اگر سلیمان شہباز کو اپنی بے گناہی کا اتنا ہی یقین ہے تو انہیں چاہیے کہ پاکستان آ کر عدالتوں کے سامنے اپنے مقدمات کا سامنا کریں، باتوں کو گھمانا کوئی ن لیگ سے سیکھے، انہیں ہمیشہ مٹھائی کھانے کے بعد پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے غلط مٹھائی کھائی ہے، ن لیگ کے اندر ’ م ‘اور ’ ش ‘کی لڑائی کھل کر سامنے آ گئی ہے، ان کا ایک ہی مقصد ہے کہ کسی نہ کسی طریقے سے ان کے کرپشن کیسز ختم ہوں اور انہیں این آر او مل جائے جو تحریک انصاف کے دور حکومت میں ممکن نہیں ہے۔
پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر سلیمان شہباز خود کو بے گناہ سمجھتے ہیں تو انہیں چاہیے کہ پاکستان آ کر ایف آئی اے کو جوابات دیں، شہباز شریف کو مشکلات کا سامنا ہے، وہ ایف آئی اے کو جوابات نہیں دے پا رہے، وہ کہتے ہیں کہ سب چیزوں کے بارے سلیمان شہباز کو پتہ ہے، سلیمان شہباز گزشتہ 3 سالوں سے کیوں ملک سے بھاگے ہوئے ہیں؟ اگر معصوم ہیں تو پاکستان آ کر عدالتوں میں اپنے مقدمات کا سامنا کریں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے اپنے دور حکومتوں کے دوران ملکی اداروں کو مضبوط نہیں کیا، آج یہ دوسرے ممالک کے اداروں کیلئے تعریفی کلمات کہتے ہیں، کیا ہی اچھا ہوتا کہ انہوں نے ملک کے اداروں کو بھی مضبوط کرنے کیلئے اصلاحات کی ہوتیں، یہاں تو یہ لوگ چاہتے ہیں کہ کرپشن کا سلسلہ چلتا رہے اور احتساب کے ادارے کو بند کر دیا جائے، پاکستان تحریک انصاف حکومت بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کے نعرے کے ساتھ اقتدار میں آئی تھی اور ہم احتساب کے عمل سے کسی صورت بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹیوں اور جعلی اکاﺅنٹس کے ذریعے شریف خاندان کی دولت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے، رمضان اور العریبیہ شوگر ملز میں شریف خاندان کے ملازمین کے اکاﺅنٹس سے اربوں روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں، سلیمان شہباز کی دولت میں ہزار فیصد، شہباز شریف کی دولت میں 70 فیصد اور حمزہ شہباز کی دولت میں بھی اضافہ ہوا ہے، شہباز فیملی کے خلاف 7 ارب روپے منی لانڈرنگ کیس میں نیب نے ریفرنس دائر کر دیا ہے اور 14 گواہان کی جرح بھی ہو چکی ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ایون فیلڈ محلات کیس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو سزائیں ہوئیں، اگر یہ لوگ معصوم ہیں تو انہیں چاہیے تھا کہ عدالتوں سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا مطالبہ کرتے لیکن یہ لوگ کیسز کو طول دینے کیلئے تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں اور مریم نواز 12 التوائیں لے چکی ہیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ کا کوئی ایجنڈا ہے اور نہ نظریہ، یہ لوگ چاہتے ہیں کہ ان کے کیسز ختم ہوں اور انہیں این آر مل جائے، قومی سطح کے معاملات میں انہوں نے کبھی بھی مثبت تجاویز نہیں دیں، ان لوگوں کو چاہیے کہ قومی اور عوامی مسائل حل کرنے کیلئے تعمیری کردار ادا کریں، موجودہ حکومت کے دور میں انہیں این آر او نہیں ملے گا۔