24.4 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںسلیکون ویلی پاکستان کی سیاحت اور سیاحت کی صنعت کی ڈیجیٹلائزیشن میں...

سلیکون ویلی پاکستان کی سیاحت اور سیاحت کی صنعت کی ڈیجیٹلائزیشن میں مثبت کردار ادا کرسکتی ہے، امریکا میں پاکستانی سفیر کا سان فرانسسکو میں سالانہ اوپن سیلیکون ویلی فورم 2023 سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے سلیکون ویلی کے ٹیکنالوجی سے وابسطہ کاروباری افراد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکون ویلی پاکستان کی سیاحت اور سیاحت کی صنعت کی ڈیجیٹلائزیشن میں مثبت کردار ادا کرسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سان فرانسسکو میں سالانہ اوپن سلیکون ویلی فورم 2023 کے دوران منعقدہ خصوصی سیشن ”پاکستان کے سیاحتی ذخائر کی تلاش: پہاڑوں سے شہروں تک“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پاکستانی سفیرنے کہا کہ بکنگ، رہائش، نقل و حمل اور درست معلومات کی دستیابی سمیت دیگر اہم معلومات کی ڈیجیٹلائزیشن سے پاکستانی سیاحت کے شعبے میں اہم اور بہتر تبدیلی رونما ہوگی۔ مسعود خان نے کہا کہ مشترکہ منصوبوں سے پاکستانی سیاحت کی موجودہ صلاحیت کو بروئے کار لانے میں نہ صرف مدد ملے گی بلکہ یہ منصوبےکاروباری افراد کے لیے بھی سودمند ہوں گے۔ انہوں نے سیشن کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور امید کا اظہار کیا کہ وہ یہاں کے افراد کو پاکستان آنے کی ترغیب دیں گے جس سے وہ پاکستان کی لازوال خوبصورتی کو قریب سے دیکھ سکیں گے۔

- Advertisement -

پاکستانی سفیر نے کہا کہ آپ پاکستان کا دورہ کریں جہاں آپ نہ صرف پاکستان کے منفردجغرافیہ، بلند ترین پہاڑوں، صحرائوں اور دلکش ساحلوں سے لطف اندوز ہوں گے۔ مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کے لوگ مہمان نواز ہیں اور ہم محبت کرنے اور خیال رکھنے سمیت مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے مشہور ہیں۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور خطے کی تاریخ 5ہزار قبل مسیح کی ہے جہاں قدیم تہذیبوں کے آثار ابھی تک موجود ہیں۔ مسعود خان نے کہا کہ ہماری تہذیب مختلف ثقافتوں کا گلدستہ ہے، پاکستان سیاحوں کے لیے ایک پرکشش مقام ہے جہاں سیاحت کے شعبے میں سب کچھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بزنس، ایڈونچر، مذہبی، ایکو ٹورازم، واٹر سپورٹس اور پیرا گلائیڈنگ سمیت مختلف شعبہ جات سیاحوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہیں، ملک میں سیاحت کی صنعت مضبوط ہے اور لاکھوں سیاح مختلف مقامات کا دورہ کرتے ہیں۔

مسعود خان نے کہا کہ پاکستان میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ بین الاقوامی سیاحوں کو مزید سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ کہ ایکو سسٹم انتہائی نازک ہے اور ماحولیاتی انحطاط کو روکنے کے لیے احتیاط سے نمٹنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں کچھ مقامات انتہائی قدیم ہیں اور ہمیں ان پر فخر ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ سیاح بھی ان مقامات سے لطف اندوز ہوں۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں