اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہاہے کہ ملک کے سوشل انٹرپرائز ایکو سسٹم کا مستقبل طویل مدتی تبدیلی اور اختراع کے لئے پائیدار سرمایہ کاری میں مضمر ہے،پاکستان نے اپنے نوجوانوں کو ملک کی پالیسی سازی کے عمل میں فعال طور پر شامل کر کے انہیں بااختیار بنانے کی طرف ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔
وہ بدھ کو سوشل انوویشن اکیڈمی کے زیر اہتمام پاکستان میں فروغ پذیر سماجی انٹرپرائز ایکو سسٹم کی تعمیر پر پہلی بین الاقوامی سربراہی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ افتتاحی بین الاقوامی سربراہی اجلاس ایک تاریخی سنگ میل ہے، ہم نےسعودی عرب اور تھائی لینڈ کے معزز سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بے مثال اجتماع سرمایہ کاروں اور سماجی انٹرپرائز ایکو سسٹم کے درمیان خلیج کو ختم کرے گا، خیالات اور مواقع کے متحرک تبادلے کو فروغ دے گا۔ رانا مشہود خان نے کہا کہ یہ پہلی بین الاقوامی سربراہی کانفرنس ہے جس میں سعودی عرب اورتھائی لینڈ کے تمام سرمایہ کاروں نے ہمارے ساتھ شراکت داری کی ہے،یہ سرمایہ کاروں اور سماجی سرپرائز ایکو سسٹم کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سوشل انوویشن اکیڈمی اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے درمیان شراکت داری اس کانفرنس کو ایک متحرک پلیٹ فارم کی شکل دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اکیڈمیا، ایکو سسٹم، شراکت داروں، سٹیک ہولڈرز، سرمایہ کاروں اور پالیسی سازوں کو ایک چھت کے نیچے اکٹھا کرنے سے، کانفرنس تعاون، اختراع اور سماجی اثرات کے لئے ایک منفرد ماحول کو فروغ دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے نوجوانوں کو ملک کی پالیسی سازی کے عمل میں فعال طور پر شامل کر کے انہیں بااختیار بنانے کی طرف ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سٹریٹجک اقدام نہ صرف پاکستان میں سماجی کاروباری ثقافت کو تشکیل دیتا ہے بلکہ اس بات کو بھی یقینی بناتا ہے کہ ملک کے مستقبل کے رہنما مثبت تبدیلی کو آگے بڑھانے کے لئے اچھی طرح سے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان ایک اہم مرحلے پر ہے، اب سماجی اثرات کے منصوبوں میں سرمایہ کاری حاصل کرنے کے لئے تیار ہے جو سماجی مسائل کے حل کے لئے ملک کے نقطہ نظر میں ایک اہم تبدیلی کا اشارہ ہے۔