اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سماجی مسائل کے حوالے سے اسلامی تعلیمات عام کرنے میں منبر و محراب کا اہم کردار ہے، علماء خطبہ جمعہ میں اہم سماجی موضوعات پر اسلامی تعلیمات اجاگر کریں،علماء کرام قوم کی اخلاقی تربیت اور فیک نیوز کی حوصلہ شکنی میں اپنا کردار ادا کریں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، پیر نور الحق قادری سےملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر مملکت نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کا بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ہے، وزارت مذہبی امور ملک میں سیرت النبی کی تعلیمات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی کا قیام ایک خوش آئند عمل ہے، اتھارٹی کے قیام سے سیرت طیبہ کے فروغ اور قوم کی اخلاقی تربیت میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ سماجی مسائل کے حوالے سے اسلامی تعلیمات عام کرنے میں منبر و محراب کا اہم کردار ہے،علماء خطبہ جمعہ میں اہم سماجی موضوعات پر اسلامی تعلیمات اجاگر کریں، انہوں نے کہا کہ لوگوں کی رہنمائی اور تعلیم کیلئے ایوانِ صدر کی مسجد سے خطبہ جمعہ براہِ راست نشر کیا جاتا ہے،خطبہ جمعہ میں اہم سماجی موضوعات، سیرت النبی کے پہلوؤں پر روشنی ڈالی جاتی ہے،علماء کرام قوم کی اخلاقی تربیت اور فیک نیوز کی حوصلہ شکنی میں اپنا کردار ادا کریں،
انہوں نے کہا کہ علماء وراثت میں خواتین کے حقوق اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے بارے میں لوگوں کو تعلیم دیں،وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری نے کہا کہ ایوانِ صدر کی مسجد سے اہم موضوعات پر خطبہ جمعہ نشر کیا جانا خوش آئند ہے، صدر مملکت نے صدارتی منصب کو بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے استعمال کیا۔
علماء اور اقلیتوں کیساتھ صدر مملکت کے مشاورتی عمل اور باقاعدہ اجلاسوں سے ملک میں ہم آہنگی اور اتحاد و اتفاق کی فضا کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔