سمبڑیال۔ 31 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت سمبڑیال نے کاشتکاروں کوخربوزے کی كاشت فروری كے پہلے ہفتے سے شروع كرنے كی ہدایت كی ہے۔ بہترین پیداواری صلاحیت کی حامل اقسام ٹی 96 اور راوی کی کاشت فروری میں شروع کرنے کی سفارش کی ہے۔
اسسٹنٹ ڈائریكٹرمحکمہ زراعت سمبڑیال ڈاكٹر افتخار احمد وڑائچ نے کاشتکاروں کو خربوزے کی کاشت فروری کے پہلے ہفتہ سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ خربوزے کی اقسام ٹی 96 اور راوی کو 21سے 35ڈگری سینٹی گریڈ پر مارچ کے آخر تک کاشت کیا جا سکتا ہے، خربوزے کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ اسے ہر قسم کی زمین میں کاشت کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خربوزے کی کاشت اور بہتر فصل کے حصول کےلئے ایک سے ڈیڑھ کلو گرام تک بیج کا استعمال كیا جاتا ہے۔انہوں نے بتا یا کہ زمین کی تیاری کےلئے ایک مرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل چلانے، اس کے بعد3 بار عام ہل چلانےاور زمین کو نرم و بھربھری بنانے کےلئے سہاگہ بھی چلائیں کیونکہ اس کے بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے مشورے سے متوازن کھادوں کا استعمال بھی موثر نتائج کا حامل ہو سکتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=554294