سمبڑیال،کاشتکاروں کو تیل دار فصلیں کاشت کرنے کی ہدایت

109

سمبڑیال۔ 21 اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت سمبڑیال نے کاشتکاروں کو تیل دار فصلیں کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ فیلڈ انویسٹی گیٹر لیاقت علی نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے لئے خوردنی تیل کی پیداوار میں خود کفیل ہونا وقت کی ضرورت ہے اور کسانوں کو روغن دار فصلیں کاشت کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود ہر سال خوردنی درآمد پر زرمبادلہ خرچ کیا جارہا ہے، خوردنی تیل کی کمی کو پورا کرنے کے لئے تل پنجاب میں صدیوں سے کاشت کرنے والی کم دورانیہ کی روغن دار فصل ہے،اس کے بیجوں میں 50 فیصد سے زائد خوردنی تیل پایا جاتا ہے،تل کی فصل نقد آور اور زیادہ آمدنی حاصل کرنے والی فصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب تل کی کاشت پر بھر پور توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب میں تل کی کاشت تقریباً پروان چڑھ چکی ہے،کاشت کے بعد دوسرا مرحلہ آب پاشی ہے، تل کی فصل کو تین سے چار پانی لگانے کی ضرورت ہوتی ہے ،انہوں نے کہا کہ تل کی زیادہ پیداوار کےلئے متناسب کھادوں کا استعمال بہت ضروری ہے اور 8 ہفتوں کے بعد جڑی بوٹیوں کی تلفی بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادویات اور کھادوں کے استعمال کے لئے کسان محکمہ زراعت کے نمائندوں سے رابطہ کریں اور ضرورت کے مطابق کھادیں اور ادویات استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ تل کی کاشت سے نہ صرف کاشتکار خوشحال ہوں گے بلکہ خوردنی تیل کی درآمد پر اخراجات میں بھی کمی واقع ہوگی۔