سمبڑیال۔ 28 اکتوبر (اے پی پی):سمبڑیال میں بچوں کو وبائی امراض سے بچانے کے لئے حفاظتی ٹیکوں کی خصوصی مہم’’ بگ کیچ اپ‘‘جاری ہے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سمبڑیال ڈاکٹر تحسین انور کی زیرنگرانی تحصیل سمبڑیال میں بچوں کو صحت مند مستقبل فراہم کرنے کےلئے حفاظتی ٹیکوں کی خصوصی مہم جاری ہے۔
اس مہم کے تحت محکمہ صحت پنجاب اور عالمی ادارہ صحت کے اشتراک سے 5سال سے کم عمر کے بچوں کو وبائی امراض سے بچائو کے لئے حفاظتی ٹیکے لگائے جارہے ہیں۔
تحصیل سمبڑیال میں 30 سوشل موبلائزر مہم میں حصہ لے رہے ہیں، اس سلسلے میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر تحسین انور نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ بچے ملک کی ترقی و خوشحالی کے ضامن ہیں اوران کا روشن مستقبل ان کی اچھی صحت سے وابستہ ہے،
یکم اکتوبر سے شروع ہونے والی خصوصی مہم کو ہرصورت کامیاب بنایا جائے تاکہ بچوں کو وبائی امراض سے نجات مل سکے۔
انہوں نے بتایا کہ حفاظتی ٹیکوں کا پہلا مرحلہ یکم سے31 اکتوبر تک جاری رہے گا،جس میں تحصیل بھر سے 15 ویکسینیٹرز حصہ لیں گے اور اب تک حفاظتی ٹیکوں سے محروم رہ جانے والے 5 سال سے کم عمرکے بچوں کوحفاظتی ٹیکوں کاکورس بھی مکمل کرایا جائے گا اور 15 یوسیز میں 15 حفاظتی اقدامات کے طور پر ڈاکٹرز تعینات ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے محکمہ صحت اور عالمی ادارہ صحت کے اشتراک سے ضلع کی تمام تحصیلوں میں ویکسی نیشن جاری ہے،جس کامقصد2019کے بعد 5 سال سے کم عمر اور نوزائیدہ بچے جو پیدائش کے بعد لگنے والے حفاظتی ٹیکوں کا کورس کسی وجہ سے مکمل نہیں کروا سکے انہیں بھی اس مہم کے تحت حفاظتی ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔