سمبڑیال۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):سمبڑیال میں بچوں کو وبائی امراض سے بچانے کے لئے حفاظتی ٹیکوں کی خصوصی مہم”بگ کیچ اپ”کا آغاز کردیا گیا ۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سمبڑیال ڈاکٹر تحسین انور نے کہا ہے کہ سی او ہیلتھ ڈاکٹرمحمد اسلم چوہدری کی ہدایات پر بچوں کو صحت مند مستقبل مہیا کرنے کےلئے منگل سے شروع ہونے والی حفاظتی ٹیکوں کی خصوصی مہم کو صحیح معنوں میں کامیاب بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ صحت پنجاب اور عالمی ادارہ صحت کے اشتراک سے 5سال سے کم عمر کے بچوں کو وبائی امراض سے بچائو کیلئے حفاظتی ٹیکوں کی خصوصی مہم”بگ کیچ اپ” کے تحت تحصیل ہیڈکواٹرہسپتال سمبڑیال میں ٹریننگ کے دوران کیا۔
اس موقع پر ماسٹر ٹرینر ہارون فرید، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر تحسین انور ،اے ایس وی سمبڑیال مسٹر شہریار نے تحصیل سمبڑیال کے تمام سکیلڈ پرسن ، ٹیم اسسٹنٹ اور 30 سوشل موبلائزر کی ٹریننگ کرائی ہے۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر تحسین انور نے افسران کو ہدایت کی کہ بچے ملک کی ترقی وخوشحالی کے ضامن ہیں اوران روشن مستقبل ان کی اچھی صحت سے وابستہ ہے، (آج) یکم اکتوبر منگل سے شروع ہونے والی خصوصی مہم کو ہرصورت کامیاب بنائیں تاکہ بچوں کو وبائی امراض سے نجات مل سکے۔
انہوں نے اس حوالے سے بتایاکہ حفاظتی ٹیکوں کا پہلا رائونڈ یکم سے31 اکتوبر تک جاری رہے گا،جس میں تحصیل بھر سے15 ویکسینیٹرزحصہ لیں گے اور اب تک حفاظتی ٹیکوں سے محروم رہ جانے والے 5 سال سے کم عمرکے بچوں کوحفاظتی ٹیکوں کاکورس بھی مکمل کرایاجائیگا اور15 یوسیز میں 15 حفاظتی اقدامات کے طور پر ڈاکٹرز تعینات کردیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ اس حوالے سے محکمہ صحت اورعالمی ادارہ صحت کے اشتراک سے ضلع کی تمام تحصیلوں میں ویکسی نیٹرزکی ابتدائی ٹریننگ کاعمل بھی مکمل کرلیاگیا ہے،جس کامقصد2019کے بعد 5 سال سے کم عمر اور نوزائیدہ بچے جو پیدائش کے بعد لگنے والے حفاظتی ٹیکوں کاکورس کسی وجہ سے مکمل نہیں کرواسکے تھے انہیں بھی اس مہم کے تحت حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔