لاہور۔ 21 اگست (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک پنجاب تحصیل سمبڑیال کی جانب سے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام تر حفاظتی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ، اس سلسلے میں پری فلڈ ویکسینیشن مہم کے تحت جانوروں میں بیماریوں بالخصوص سیلابی علاقوں میں پھیلنے والی بیماریوں سے بچائو کے حفاظتی ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے بڑے جانوروں میں گل گھوٹو، چوڑے مار ، منہ کھر اور اسی طرح بھیڑ بکریوں میں انتڑیوں کا زہر،کاٹا، پلور و نمونیا سے بچائو اور مرغیوں میں رانی کھیت سے بچائو کے حفاظتی ٹیکے لگائے جا رہے ہیں،
بڑے اور چھوٹے جانوروں میں پیٹ کے کیڑوں کے خلاف ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر احسن تصورچیمہ نے بتایا کہ تحصیل بھر میں ضلعی حکومت کی جانب سے قائم فلڈ سیکٹرز میں بھی محکمہ لائیو سٹاک سمبڑیال کا ویٹرنری عملہ تعینات کر دیا گیا ہے جو ڈیوٹی دے رہا ہے اور کیمپس پر تمام ابتدائی طبی امداد کی ادویات بھی مہیا کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی سیلابی یا ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مختلف علاقوں میں ویٹرنری عملہ مویشی پال حضرات کو مختلف آگاہی پروگراموں کے ذریعے سیلابی صورتحال کے دوران اپنے جانوروں کی حفاظت اور دیکھ بھال بارے آگاہ بھی کر رہاہے ۔