سمبڑیال ، کاشتکاروں کو فصلوں سے جڑی بوٹیاں ختم کرنے کےلئے صحیح نوزل استعمال كرنے كی ہدایت

128
Department of Agriculture

سمبڑیال۔ 08 جولائی (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال نے کہا ہے کہ فصلوں سے جڑی بوٹیاں ختم کرنے کے لئے صحیح نوزل استعمال کریں ۔انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فصل کاشت کرنے سے قبل زمین سے جڑی بوٹیاں ختم کرنا نہایت اہم مرحلہ ہے اور کسان اکثر ایک ہی نوزل سے سپرے کرتے ہیں جس سے مثبت نتائج حاصل نہیں ہوتے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیشہ امپورٹڈ اور اچھی کمپنی کی نوزل استعمال کریں ایک ہی نوزل کو بار بار نہ استعمال کریں کیونکہ زیادہ دیر تک نوزل استعمال کرنے سے سوراخ کھلا ہوجاتا ہے جس سے قطرے گرتے ہیں اور فصل کو نقصان کا اندیشہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جڑی بوٹیوں کی تلفی کےلئے فلیٹ فین نوزل استعمال کریں۔

یاد رہے کہ اس سے جب جڑی بوٹی دو سے تین پتے بنا لے تو اس سے سپرے کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلیٹ فین نوزل 2 سے اڑھائی سو مائیکرون قطرے کا سائز بناتی ہے یہ وہ سائز ہے جو زمین کے اوپر بالکل نزدیک پتے کے اوپر ٹھہرتا ہے اور اپنا اثر دکھاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے جڑی بوٹی اگنے سے پہلے سپرے کرنی ہے تو فلڈ جیٹ نوزل استعمال کریں کیونکہ یہ 250 مائیکرون قطرے کا سائز بناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی بتائی ہوئی نوزل استعمال کر کے بہتر رزلٹ حاصل ہوسکتا ہے جس سے کسان زیادہ زرمبادلہ حاصل کرسکتے ہیں۔