سمبڑیال۔ 09 مئی (اے پی پی):تحصیل انتظامیہ سمبڑیال كے زیرِ اہتمام پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی،جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بندیال نے کی۔ ریلی کا مقصد بھارتی جارحیت کے خلاف آواز اٹھانا اور پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ اس موقع پر شرکانے پلے کارڈ اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر آبی جارحیت و بھارتی جنگی جنون کے خلاف اور بہادر پاکتان کی مسلح افواج کے حق میں نعرے درج تھے۔
شرکا نے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’پاک فوج پائندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بندیال نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے آبی جارحیت اور جنگی جنون کو ہوا دینا پورے خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے،
پاکستان کی مسلح افواج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، پوری پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آبی جارحیت کے ذریعے پاکستان کا پانی بند کرنے کی کسی بھی بھونڈی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ،بھارت کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام اداروں سمیت پوری قوم متحد ہے اور اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پاک افواج دشمن کو مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، لوگوں کی بڑی تعداد نے وطن سے محبت اور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر میونسپل کمیٹی آفیسر عمرشجاع ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر واٹر منیجمنٹ نجم الدین شاہ رخ ، ڈپٹی ڈی ای او ایجوکیشن فرخندہ یاسمین ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ افیسر ایجوکیشن عامر شہباز ججہ ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت ذیشان گورائیہ ،ایس ایچ او تھانہ سمبڑیال پولیس ، تحصیلدار سمبڑیال ناصر محمود ججہ ، ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر جاوید احمد ساہی، فائربریگیڈ عملہ ،ریسکیو 1122 کا عملہ اور سیاسی و سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594878