صوابی۔2جون (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ بھارتی جنگی جنون کی طرح پی ٹی آئی کا فسادی جنون بھی شکست کھاچکا ہے،سمبڑیال میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی ہر محاذ پر نواز شریف ، شہباز شریف اور مریم نواز کی فتح پر عوام کا اعتماد ہے۔وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جنگی جنون کے بعد پی ٹی آئی کا فسادی جنون شروع ہو گیا،بھارتی جنگی جنون کی طرح پی ٹی آئی کا فسادی جنون بھی شکست کھاچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فائنل کال کی عبرتناک ناکامی کی طرح احتجاج کی تازہ کال ’فائنل احتجاج‘ اور پی ٹی آئی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا،پی ٹی آئی کی سوچ بدلی، موڈ بدلا نہ ایجنڈا ، ”آپریشن سندور‘ کی طرح ”آپریشن اڈیالہ جیل سے رہائی“ بھی ناکام ہوگا۔امیر مقام نے کہا کہ مذاکرات سے بھاگ جانے والے اب کس منہ سے تحریک چلانے جارہے ہیں،تحریک کیسے چلے گی عوام تو 9 مئی کرنے والی پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کو تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکر اپنے لیڈروں کاا صل چہرہ پہلے بھی دیکھ چکے ہیں،پہلی کالز بھی ٹھس ہوئیں، اب بھی کوئی خطرہ ہے نہ یہ کچھ کر پائیں گے، صرف رسوائی پائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سمبڑیال میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی ہر محاذ پر نوازشریف ، شہباز شریف اور مریم نواز کی فتح پر عوام کا اعتماد ہے،وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جرأت مندانہ، بروقت اور درست فیصلے کئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=604241