سمبڑیال میں یوم عاشور پر سکیورٹی، طبی سہولیات، صفائی اور روشنی کے بہترین انتظامات کیے گئے

28
Assistant Commissioner Sambrial Ghulam Fatima
Assistant Commissioner Sambrial Ghulam Fatima

سمبڑیال۔ 07 جولائی (اے پی پی):سمبڑیال میں یوم عاشور پر سکیورٹی، طبی سہولیات، صفائی اور روشنی کے بہترین انتظامات کیے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ نےرکن صوبائی اسمبلی پنجاب حنا ارشد وڑائچ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سیالکوٹ ایوب بخاری اور سب ڈویژنل پولیس آفیسر سمبڑیال سجاد احمد باجوہ کے ہمراہ تحصیل سمبڑیال میں مرکزی جلوس کے روٹس، امام بارگاہوں، کنٹرول رومز اور فیلڈ پوائنٹس کا دورہ کیا۔

مرکزی جلوس کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت سکیورٹی فراہم کی گئی ، پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور محکمہ صحت مکمل طور پر الرٹ رہے۔سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں کی مسلسل نگرانی کی گئی۔امن کمیٹی کے ارکان مجالس اور جلوس روٹس پر موجود رہ کر انتظامیہ سے بھرپور تعاون کرتے رہے۔ عزاداروں کے لیے کلینک آن ویلز، فیلڈ ہسپتال اور میڈیکل سٹاف ہر لمحہ خدمات انجام دیتے رہے۔

جلوس کے راستوں پر شربت، لیموں پانی، منرل واٹر کی سبیلیں اور نیاز کا انتظام کیا گیا۔ صفائی، چھڑکاؤ اور روشنی کے لیے ستھرا پنجاب کا سکواڈ بھی جلوسوں کے ہمراہ رہا۔ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا گیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال نے کہا کہ شہریوں کو مکمل تحفظ، سہولت اور باعزت ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔