سمبڑیال۔ 16 جنوری (اے پی پی):سمبڑیال کے گائوں ابیالہ میں فارمرز كی راہنمائی لے لیے لائیوسٹاک بیٹھک کا انعقاد کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹرلائیواسٹاک وڈیری ڈویلپمنٹ سمبڑیال ڈاکٹر احسن تصور کی ہدایت پرفارمرز كے لیے لائیوسٹاک بیٹھك كا آغاز كردیا گیا ہے، سمبڑیال کے گائوں ابیالہ میں انچارج کلووال ویٹرنری ہسپتال سینئر ڈاکٹر افضل کی زیر صدارت فارمرز کی راہنمائی کیلئے لائیوسٹاک بیٹھک کا چوہدری ذکاء اللہ کے ڈیرہ پر انعقاد کیا گیا جس میں فارمرز حضرات نے بھر پور شرکت کی ہے۔
ڈاکٹر افضل نے فارمرز حضرات کو جانوروں کی دیکھ بھال ،سردی سے بچانے کی تدابیر، جانوروں میں کرموں اور چیچڑوں سے بچائو، زیادہ سے زیادہ دودھ اور گوشت حاصل کرنے کے طریقوں کے بارے میں راہنمائی دی۔ انہوں نے کہا کہ کرم جانوروں کے لیے خطرناک ہیں ان سے بچائو کیلئے فارمرز حضرات ہر تین ماہ میں دوائی ضرور پلائیں ،چیچڑوں سے بہت بیماریاں جنم لیتی ہیں لہذا چیچڑوں سے بچائو کیلئے محکمہ لائیواسٹاک تجویز کردہ ٹیکے لگائیں تاکہ آپ کے جانور صحت مند رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ چیچڑوں سے جانوروں کو بچانے کیلئے ایسی جگہ کا انتخاب کریں جو صاف اور خشک ہو ۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں محکمہ لائیواسٹاک کی ہیلپ لائن یا ویٹرنری سینٹر پر رابطہ کریں اور جانوروں کا بروقت علاج کریں۔