اسلام آباد ۔ 08 جون (اے پی پی) سمندر وں کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور سمندروں کے تحفظ اور بقاءسے متعلق پاک بحریہ کے افسروں اور جوانو ں میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے پاکستان نیوی میں جمعرات کو سمندروں کا عالمی دن نہایت جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ سمندروں کا عالمی دن ہر سال 8 جون کو اقوام ِمتحدہ کی زیر سرپرستی ساری دنیا میں منایا جاتا ہے جس کا مقصد سمندروں کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا خصوصاََسمندروں اور سمندری وسائل کے بہترین استعمال سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔ سطح زمین کے تقریباََ دو تہائی رقبے پر سمندر پھیلے ہوئے ہیں جن پر زمینی حیات کی بنیا د قائم ہے۔ اس دن کی مناسبت سے اس سال جو موضوع منتخب کیا گیا تھا اس کا عنوان ہے ’ہمارا سمندر۔ ہمارا مستقبل‘ جس کا مقصد اس حقیقت پر روشنی ڈالنا ہے کہ زمینی حیات سمندروں پر منحصر ہے اور صاف شفاف سمندر ، سمندری حیات اور کرئہ ارض پر بسنے والے کروڑوں انسانوں کے لیے نہایت اہم ہیں۔ پاکستان نیوی نے ملک کی سمندری حدود کی واحد نگہبان اور محافظ ہونے کی حیثیت سے یہ دن نہایت جوش و خروش سے منایا۔ دن کی مناسبت سے پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں میں مختلف سرگرمیوں کا انعقا د کیا گیا تھا جن میں خصوصی لیکچرز، سیمینارز، کوئز شوزاور مضمون نویسی کے مقابلے شامل تھے۔