ہوانا۔9نومبر (اے پی پی):سمندری طوفان ’ایٹا‘ نے کیوبا کے بعد فلوریڈا کا رخ کرلیا ہے۔ سمندری طوفان کی اطلاع دینے والے امریکی قومی مرکزکا کہنا ہے کہ ایٹا فلوریڈا کے جزائر سے گزرتے ہوئے شدت اختیار کر سکتا ہے جس کے نتیجے میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید سیلاب کا بھی امکان ہے۔ گورنر فلوریڈا رون ڈی سینٹس نے دو روز قبل ہی جنوبی کاؤنٹیوں میں ہنگامی حالت کا نفاذ کر دیا تھا جبکہ علاقے کے سکول پیر سے بند کر دیئے گئے ہیں۔ کیوبا کے موسمیاتی حکام نے بتایا کہ طوفان اتوار کی صبح سنٹی اسپرٹوس اور سیگو ڈی اویلا کے وسطی صوبوں کے درمیانی ی علاقے سے گزراتھا جس دوران ہوا کی رفتار 60 میل فی گھنٹہ تھی جو آگے چل کر 74 میل فی گھنٹہ ہو سکتی ہے اور ممکنہ طور پر ہوانا کا علاقہ بھی متاثر ہوسکتا ہے۔ کیوبا کے سرکاری میڈیا کے مطابق طوفان سے تاحال کوئی اموات نہیں ہوئیں اور نہ ہی گھروں کو نقصان پہنچا تاہم صورتحا ل پر غور کے لئے صدر میگوئل ڈیاز کین نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ملک کے نصف مشرقی علاقے میں موسلا دھار بارشوں کے بعد سیلاب کے خطرے کے پیش نظر 74 ہزار لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق علاقے میں چھٹیاں گزارنے کے لئے آئے ہوئے 600 غیر ملکی سیاحوں کو بھی محفوظ مقام پر پہنچا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں طوفان’ایٹا‘نےوسطی امریکہ اور جنوبی میکسیکو کوسیع پیمانے پرنقصانات سے دوچار کیا ۔