سمندری طوفان ماریا ،جاپان کے شمال مشرقی ساحلی علاقوں میں موسلادھار بارشوں اور تیز ہوائوں سے نظام زندگی درہم برہم

116

ٹوکیو ۔12اگست (اے پی پی):سمندری طوفان ماریا جاپان کے شمال مشرقی صوبہ ایوات کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا۔طوفان کے زیر اثر موسلادھار بارشوں اور تیز ہوائوں سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا۔ سمندری طوفان کے زیر اثر پیر کی صبح تک 48 گھنٹوں میں ایوات کے کوجی سٹی میں 450 ملی میٹراور اوٹسوچی ٹاؤن میں 255.5 ملی میٹر ریکارڈ بارش ہوئی ۔

طوفان کی وجہ سے لوگوں کی آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ جاپان ایئر لائنز اور آل نپون ایئرویز نے اندرون ملک 80 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی ہیں ۔ایسٹ جاپان ریلوے کمپنی نے توہوکو، یاماگاتا، اور اکیتا شنکانسن لائنوں پر ممکنہ تاخیر کی اطلاع دی ہےاور کچھ مقامی لائنوں پر آپریشن معطل کر دیا ہے۔ شاہراہوں پر سفر بھی متاثر ہوا ہے، توہوکو اور جوبن ایکسپریس ویز کے حصے جاری بارش کی وجہ سے بند ہونے کا امکان ہے۔

جاپان کے محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ جاپان کے ساحل کے ساتھ مزید بارشوں کی توقع ہے جبکہ ایوات کے آس پاس کے علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔جاپانی حکام نے مقامی افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ لینڈ سلائیڈنگ، سیلاب اور تیز رفتار ہواؤں سے بچائو کے اقدامات کریں اور مضبوط عمارتوں میں پناہ لیں۔ حکام نے مزید کہا کہ توہوکو کےسمندری طوفان سے متاثرہ علاقے میں یا سفر کرنے والے افراد ٹریفک بارے تازہ ترین معلومات حاصل کرنے کے بعد سفر کا فیصلہ کریں۔