اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن)انجینئر خرم دستگیر خان نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی جانب سے 132کے وی ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن کے 8 منہدم ٹاورز پر جاری بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا، ٹرانسمیشن لائن حیدرآباد کے قریب جھمپیر ونڈ کلسٹر میں انڈس، لبرٹی-1 اور لبرٹی-2 ونڈ پاور پلانٹس سے جھمپیرIIگرڈ سٹیشن تک بجلی کی ترسیل کیلئے بنائی گئی ہے اور اس کے8ٹاورز14جون کوشدیدآندھی کے باعث گرگئے تھے۔و
فاقی وزیرتوانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سمندری طوفان کے اثرات سے متاثر ہونے والے ٹاورز کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے جوتین دن میں مکمل کر لیا جائے گا۔این ٹی ڈی سی کی ٹیمیں بحالی کیلئے انتہائی مستعدی سے کام کر رہی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے سے ونڈ پاور کلسٹر سے60میگاواٹ بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی جبکہ 134میگاواٹ بجلی کی سپلائی جاری ہے، جھمپیرگرڈ سٹیشن معمول کے مطابق کام کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی غیرمعمولی صورتحال پیش نہ آئی تو اگلے72گھنٹے میں ٹرانسمیشن لائن کو بحال کردیاجائے گا۔
قبل ازیں منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی، انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے وفاقی وزیر کو ٹرانسمیشن لائن کی بحالی کے کاموں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ این ٹی ڈی سی نے مذکورہ تین ونڈ پاور پلانٹس کو دوبارہ جھمپیر گرڈ سٹیشن سے منسلک کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحالی کے کاموں کیلئے این ٹی ڈی سی کے ویئرہائوس سے سامان کا بندوبست کیا گیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے وفاقی وزیر کو ٹرانسمیشن لائن بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔