سمندری طوفان کے متاثرین کیلئے امدادی پیکج تیار کیا جائے، جاپانی وزیراعظم

102

ٹوکیو ۔ 21 اکتوبر (اے پی پی) جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے نے اپنی کابینہ کو ہدایت کی ہے کہ سمندری طوفان ہاگی بیس سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی پیکج جلد مرتب کیا جائے۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق گزشتہ روز کابینہ ارکان سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال تقریباً 4 ارب 60 کروڑ ڈالر کے محفوظ فنڈ کو اس پیکج کے لیے استعمال کیا جائے۔ وزیر اعظم آبے نے کہا کہ سیلاب سے فصلیں تباہ ہو گئی ہیں اور دکانوں، کارخانوں، مشینری اور گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ نقصان اتنا شدید ہے کہ بہت سے کسان، جنگلات اور ماہی گیری کی صنعتوں کے کارکنان اور چھوٹی کمپنیوں کے مالکان اپنے کاروبار کی تعمیرِ نو کی قوتِ ارادی ہی کھو سکتے ہیں۔وزیراعظم شنزو ابے نے کہا کہ لوگوں کی روز مرہ زندگی اور ذریعہ معاش کی تعمیر نو کے لیے حکومت کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔