سمندری طوفان کے پیش نظر سندھ حکومت نے 80 ہزار سے ایک لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے ،وفاقی وزیرشازیہ عطا مری

152

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی بہبود شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ سمندری طوفان کے پیش نظر سندھ حکومت نے 80 ہزار سے ایک لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے، صوبائی حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے ،تاہم انہیں اپنے تحفظ کے لئے خود بھی موثر تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔

منگل کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان کو سمندری طوفان سے شدید خطرہ ہے، ہم اس سوچ بچار میں ہیں کہ کس طرح لوگوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے، سندھ حکومت بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سمندری طوفان سے بدین اور ٹھٹھہ کو خطرہ ہے، کراچی شہر میں طوفان کے خطرے کے پیش نظر بل بورڈ زہٹانے کا کام جاری ہے، 14 اور 15 جون کو شدید خطرہ درپیش ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانا چاہیے، سندھ حکومت نے 80 ہزار سے ایک لاکھ افراد کو محفوظ مقامات تک منتقل کیا ہے،عوام کو اپنی جان و مال کے تحفظ کے لئے خود بھی حفاظتی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سمندری طوفان سے بلوچستان کو بھی خطرہ ہے، سپیکر بھی لوگوں کو حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کرنے کی تلقین کریں۔