29.4 C
Islamabad
منگل, اپریل 1, 2025
ہومقومی خبریںسمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم رواں...

سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم رواں مالی سال کے دوران 35ارب ڈالر تک بڑھنے کی توقع

- Advertisement -

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم رواں مالی سال کے دوران 35ارب ڈالر تک بڑھنے کی توقع ہے ، بینکاری سہولیات کی فراہمی سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے ترسیلات زر کی ماہانہ وصولیاں ایک ایک ارب ڈالرتک بڑھائی جاسکتی ہیں ۔ اقتصادی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانی ہر ماہ بالترتیب اوسطاً 700اور 600ملین ڈالر کی رقوم پاکستان بھیجتے ہیں جن کو با آسانی ماہانہ دو ارب ڈالر تک توسیع دی جاسکتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ان ممالک میں بینک اکائونٹ کھلوانے کے لیے کم از کم 5000درہم یا ریال کی سخت شرائط کے باعث پاکستانی ورکرز کی اکثریت بینکاری کی سہولیات سے مستفید نہیں ہو سکتی اور انہیں اپنے اہل خانہ کو رقوم بھیجنے کے لیے مجبوراً غیر بینکاری ذرائع پر انحصار کرنا پڑتا ہے ۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ اگر پاکستانی بینک سعودی عرب اور یو اے ای میں اشتراک کار کے ذریعے بینک کاری کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں تو ان ممالک سے باآسانی ماہانہ دو ارب ڈالر سے زیادہ کی ترسیلات زر وصول کی جاسکتی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ فروری 2025کے دوران سعودیہ عرب سے 744ملین ڈالر بھجوائے گئے جو فروری 2024کے مقابلے میں 37.9فیصد جبکہ جنوری 2025کے مقابلے میں 2.2فیصد زیادہ تھے اسی طرح متحدہ عرب امارات سے بھی ترسیلات زر کے محصولات بالترتیب 69.5اور 4.9فیصد کے اضافہ سے 652ملین ڈالر سے زیادہ رہے ہیں ۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ میں جولائی 2024تا فروری 2025کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 32.5فیصد زیادہ ترسیلات زر کی ہیں اور اس دوران ترسیلات زر کے محصولات کا حجم 24ارب ڈالر تک بڑھ گیا ۔ اس عرصہ کے دوران سعودی عرب سے 5.89ارب ڈالر جبکہ متحدہ عرب امارات سے 4.85ارب ڈالر کی ترسیلات زر وصولیاں ہوئی ہیں ۔

اقتصادی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم کا حجم 35ارب ڈالر سے بڑھنے کا امکان ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ مالی سا ل کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 30.25ارب ڈالر پاکستان بھجوائے تھے ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577365

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں