اسلام آباد۔9اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے متعدد پیکیجز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں نے اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منوا کر پاکستان کا دنیا بھر میں نام روشن کیا ہے، وہ وطن سے دور رہ کر قومی خدمت سرانجام دے رہے ہیں، حکومت انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں سمندر پار پاکستانیوں کیلئے متعدد پیکیجز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز ساجد حسین طوری اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیز شمالی امریکہ، یورپ، مشرق وسطیٰ، خلیج، مشرق بعید، مشرقی ایشیاء سمیت دنیا کے مختلف خطوں اور ممالک میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں، سمندر پار پاکستانیوں نے اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منوا کر پاکستان کا دنیا بھر میں نام روشن کیا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور سہولیات فراہم کی جائیں تو اس سے ان کی حوصلہ افزائی ہو گی اور پاکستان کو بھی اس سے بہت فائدہ ہو گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے بہت سے اہم اقدامات کئے ہیں، سمندر پار پاکستانی بیرون ملک پاکستان کے سفیر ہیں، پاکستانی محنت کشوں کو ہنر سکھائے جائیں اور سرٹیفکیٹس دلوائے جائیں تو ان کی آمدن میں اضافہ ہو گا اور اس سے پاکستان کا زرمبادلہ بڑھے گا، وقت آ گیا ہے کہ سعودی عرب، یو اے ای، یورپ اور دیگر ممالک میں ہنرمند افرادی قوت کی کھپت کے مواقع سے استفادہ کیا جائے اور اپنے قابل اور باصلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جائیں۔ وزیراعظم نے آذربائیجان کی مثال دی جنہوں نے اپنے نوجوانوں کو بہترین تربیت سے آراستہ کیا اور کہا کہ اگر ایسے ماڈل ہم پاکستان میں بھی متعارف کرائیں تو دیار غیر میں مزید پاکستانیوں کو مواقع ملیں گے اور پاکستان کیلئے وہ اربوں ڈالر کما کر بھجوائیں گے۔
وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ آنے والی حکومتیں اس سلسلہ میں مزید اقدامات کریں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت نے 16 ماہ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعظم نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے متعدد پیکیجز کا بھی اعلان کیا۔ ان پیکیجز میں سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل اور شکایات کے ازالہ کیلئے خصوصی عدالتوں کا قیام، اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا قیام، ملک کی اعلیٰ انتظامیہ کے دفاتر میں سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ہاٹ لائنز کا قیام، سرکاری رہائشی منصوبوں میں ان کے 10 فیصد کوٹے، سمندر پار پاکستانیوں کے بچوں کی ملک اور بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نادرا میں سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے اور بیرون ملک پاکستانی مشنز میں خصوصی کائونٹرز کی تعداد بڑھائی جائے گی، یونین کونسلز سے ان کو سرٹیفکیٹس کے فوری اجراء کیلئے اقدامات کئے جائیں گے، وزارت خارجہ دستاویزات کی آن لائن تصدیق کیلئے بھی خصوصی اقدامات کرے گی، آن لائن بائیو میٹرک کا نظام وضع کیا جائے گا، جن کا پاسپورٹ بلیک لسٹ ہو گیا،
مدت پوری ہونے کے بعد خودکار نظام کے تحت بلیک لسٹ سے نکل جائے گا، سمندر پار پاکستانیوں کیلئے تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر خصوصی کائونٹرز قائم کئے جائیں گے، سب سے زیادہ ترسیلات زر بھیجنے والے سمندر پار پاکستانیوں کو ایوارڈز دیئے جائیں گے، ان کے بچوں کیلئے میڈیکل کالجز اور اعلیٰ تعلیم کیلئے پانچ فیصد کوٹہ مختص ہو گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی محنت کش بیرون ملک بہت محنت سے کام کرتے ہیں اور ان کے دل میں پاکستان کا بہت درد ہوتا ہے، وہ ہر وقت پاکستان کیلئے سوچتے ہیں، وہ اپنے وطن سے دور رہ کر قومی خدمت سرانجام دے رہے ہیں۔