اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):دنیا بھر میں مقیم پاکستانی برادری نے قوم کے ساتھ یکجہتی اور حب الوطنی کا اظہار کرتے ہوئے مسلح افواج کی بہادری اور بھارتی جارحیت کے خلاف کامیاب آپریشن پر خراج تحسین پیش کیا۔ اتوار کو پی ٹی وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارتوں کو سراہا اور ملکی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ میں ان کے کردار کی بھی تعریف کی۔
لندن میں مقیم پاکستانی اور مسلم لیگ ن کے حامی حسن ڈار نے حکومت اور مسلح افواج کی تعریف کرتے ہوئے انہیں’’شاہین‘‘، طاقت اور لچک کی علامت قرار دیا۔ اسی طرح بیرون ملک مقیم پاکستانی راشد ہاشمی نے کہا کہ 2025 میں فضائیہ کی بہادری تاریخ میں لکھی جائے گی، جو آنے والی نسلوں کو اپنے بچوں کو بہادری کی یہ داستانیں سنانے کی بھی ترغیب دے گی۔
راشد ہاشمی نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی مسلم لیگ (ن) کی دور اندیش قیادت کو سراہا اور قومی سلامتی کے لیے غیر متزلزل لگن پر مسلح افواج کے کردار پر بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے آرمی چیف کے بطور سپہ سالار کردار کو سراہتے ہوئے ان کی غیر معمولی ذہانت اور قومی سلامتی کے لیے لگن کی تعریف کی۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں ریمارکس دیئے کہ بھارتی افواج کو نہ صرف شکست ہوئی بلکہ پاکستانی فوج کی صلاحیتوں کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں رونا بھی پڑا۔لندن سے ایک اور کشمیری رہائشی نے غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے مظالم کی شدید مذمت کی اور کشمیری عوام کی حمایت اور یکجہتی پر پاکستانی فوج کی تعریف کی۔
ایک اور بیرون ملک مقیم پاکستانی نے کہا کہ پاکستان کی فوج ہندوستانی قبضے کے خلاف جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کے لیے امید کی کرن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف مزاحمت کی علامت ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595615