بھکر۔ 27 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنربھکر محمد اشرف کی ہدایات کی روشنی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ارشد وٹو کی زیر صدارت ضلعی انسداد سموگ کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس بھکر میں منعقد ہوا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مہتاب احمد خان ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات ،سیکرٹری آر ٹی اے اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس میں سموگ کی روک تھام،بھٹہ ہائے خشت کو زیگ زاگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے،فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اورصنعتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے مرتب کردہ پلان پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ارشد وٹو نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی ہدایات کے مطابق سموگ کے تدارک کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ ضلع میں ماحولیاتی آلودگی پر بروقت قابو پایاجا سکے۔