سموگ تدراک کیس ، عدالت نےآئندہ سماعت پر عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی

83
Lahore High Court
Lahore High Court

لاہور۔22دسمبر (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدراک کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی ۔عدالت نے بند روڈ سے ملحقہ سروس روڈ کھولنے اورسانس ایپلیکیشن پی ڈی ایم اے کے حوالے کرنے کا حکم دیا ۔عدالت نے رائس ملز کو ڈی سیل کرنے کا بھی حکم دیدیا ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر متعلقہ حکام سے احکامات پر عملدرآمد رپورٹس طلب کرلیں ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیس میں ہارون فاروق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر سماعت کی جس میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی۔عدالتی حکم پر سرکاری افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور اسموگ کے تدارک کے لیے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کیں دوران سماعت عدالت نے پی آئی ٹی بی کو پی ڈی ایم اے کی معاونت کی ہدایت کر دی عدالت نے کنٹونمنٹ بورڈ کا واسا کے ساتھ نالوں کی صفائی میں تعاون نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا اور تعاون کرنے کی ہدایت کی عدالت نے بند روڈ سے ملحق سروس کھولنے کا بھی حکم دیدیا۔

دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ تمام پراجیکٹس کی تکمیل تاریخ 22 دسمبر تھی، سموگ سیزن کے بعد ٹیپا کے روڈ ماڈلنگ پر کام شروع کیا جائے ، ایل ڈی اے پراجیکٹس کیلئے باہر سے کنسلٹنٹ لئے جائیں تو بہتر ہے ،گاڑیوں اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے انجینئرنگ یونیورسٹی اور لمز یونیورسٹی کے طلبا کو ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے شامل کیا جاسکتا ہے ۔

عدالت نے کہا کہ روف ٹاپ گارڈننگ پر بھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ عدالت نے مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی ۔عدالت عالیہ کے روبرو درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود سموگ کے تدارک کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے سموگ بڑھ رہی ہے جو انسانی صحت کے لیے انتہا ئی خطرناک ہے، عدالت سموگ کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کا حکم دے۔