سموگ سے بچائو کیلئے دھان کے کاشتکار کٹائی کے بعد فصل کی باقیات کو آگ نہ لگائیں، محمد انوار کانجو

140
دھان

ڈسکہ ۔6نومبر (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ محمد انوار کانجو نے کہا ہے کہ سموگ سے بچائو کے لئے دھان کے کاشتکار کٹائی کے بعد فصل کی باقیات کو آگ لگانے نہ لگائیں،سموگ فضائی آلودگی کی وہ قسم ہے جو انسانوں، جانوروں اور پودوں کیلئے نقصان دہ ہونے کے ساتھ ساتھ پورے ماحول کو آلودہ کر دیتی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر دفتر ڈسکہ میں محکمہ مال اور محکمہ زراعت نے نمبرداران کنونشن منعقد کیا، جس میں فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگانے پر سختی سے تنبیہہ کی گئی۔ کنونشن کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ انوار کانجو نے کہا کہ سموگ ماحولیاتی آلودگی کی ایک خطرناک قسم ہے جس سے ٹھہری ہوئی ہوا میں موجود گیسیں مثلاً کاربن مونو آکسائیڈ، نائٹروجن آکسا ئیڈ، میتھین، سلفر ڈائی آکسائیڈاور ہائیڈرو کاربن وغیرہ کے ذرات مل کر سموگ کا روپ دھار لیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سموگ بننے کی وجوہات میں ٹریفک اور فیکٹریوں سے نکلنے والے دھویں کے علاوہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانا بھی شامل ہے۔اس ضمن میں انتظامیہ کی طرف سے کسانوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ سموگ سے بچاؤ کے لئے کاشتکار دھان کی کٹائی کے بعد فصل کی باقیات کو آگ ہر گز نہ لگائیں کیونکہ اس عمل سے فضائی آلودگی پیدا ہوتی ہے، دھان کے کاشتکارفصلوں کی باقیات کی تلفی کیلئے محکمہ زراعت پنجاب کی ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھان کے مڈھوں کو آگ لگانے کی صورت میں ایف آئی آر کا اندراج، گرفتاری اور جرمانہ کی سزائیں ہو سکتی ہیں۔