34.3 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومعلاقائی خبریںسموگ وماحولیاتی آلودگی تدارک کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی، رپورٹ طلب

سموگ وماحولیاتی آلودگی تدارک کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی، رپورٹ طلب

- Advertisement -

لاہور۔20نومبر (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ مارکیٹس کو مستقل بنیادوں پر رات ساڑھے8بجے بند کرنے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے بڑھائے جائیں ،عدالت نے پنجاب حکومت سمیت تمام اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید سماعت جمعہ تک ملتوی اور آئندہ سماعت پر عدالتی احکامات پر عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی ،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس میں ہارون فاروق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر سماعت کی جس میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی،جمعہ کے روز دوران سماعت مختلف محکموں نے کارکردگی رپورٹس پیش کیں،

منگل کو عدالتی حکم پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق عدالت میں پیش ہوئے، جسٹس شاہد کریم نے قراردیا کہ اسموگ کم ہونے کا سارا کریڈٹ موسم کی تبدیلی کو دیا جا رہا ہے لیکن حکومت اور وہ ادارے جو سموگ کو کنٹرول کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں انہیں بھی کریڈٹ جاتا ہے،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے بتایا کہ جو لوگ فیلڈ میں کام اور محنت کر رہے ہیں ،ان سمیت سب کو کریڈٹ جاتا ہے، ایڈو وکیٹ جنرل پنجاب نے سموگ کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی، رپورٹ میں کہا گیا کہ زیادہ دھواں چھوڑنے والی کوئی گاڑی دوسری مرتبہ سیف سٹی میں پکڑی جائے تو جرمانہ ڈبل کر دیا گیا،جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ یہ بہترین اقدام ہے، اس سے بھی کافی فرق پڑے ،جرمانوں کو بڑھانے کے لیے حکومت کو قانون سازی کرنی چاہیے، ایڈووکیٹ جنرل نے کہاکہ اس پر کام شروع ہو چکا اور پرپوزل بن گیا ہے،جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ اربن یونٹس نے ماسٹر پلاننگ کے حوالے سے کام کیا ہوا ہے، ان سے بھی مدد لی جا سکتی یے، یہ سارے کام اگلی نسل پر احسان ہو گا، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے بتایا کہ غیر قانونی پلانٹس کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں، گوجرانوالہ میں چند دنوں میں 19 غیر قانونی پلانٹس مسمار کر دیئے گئے ہیں،

- Advertisement -

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ یہ زبردست ہے ،آپ نے ٹربیونل کی پرواہ نہیں کرنی،آپ اپنی کارروائیاں جاری رکھیں، یہ اس عدالت کی ہدایت ہے، ایڈووکیٹ جنرل نے کہاکہ فصلوں کی باقیات جلانے والوں کو فوری گرفتار کر رہے ہیں، کسی کو کوئی رعایت نہیں دے رہے، جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ لاہور میں گاڑیوں کی چیکنگ کریں اور جودھواں چھوڑیں فوری بند کر دیں، ایڈووکیٹ جنرل نے کہاکہ ماحولیات کی سٹڈی کرنے اور ماحول کو صاف کرنے کے لیے اچھے آئیڈیاز دینے والے طالب علموں کے لیے پیکیج لا رہے ہیں، جسٹس شاہد کریم نے پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کی اور کہاکہ حکومت کی جانب سے بہترین کام کیا گیا،جسٹس شاہد کریم نے قرار دیاکہ ٹرانسپورٹ کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے کے لیے قانون سازی کریں اوراس کے لیے ایک کمیٹی بنا دیں جو ساتھ ساتھ اپنا کام کرتی رہے ،کلچرل چینج کی بھی ضرورت ہے، رات آٹھ بجے مارکیٹس بند کرنے کا آرڈر پورے سال کے لیے کر دینا چاہیے، عدالتی احکامات نہ ماننے والے سکولوں کو سیل کر دوں گا، جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق کے اقدامات واقعی قابل تعریف ہیں، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی اس سارے کام میں معاونت بہترین ہے، عدالت نے مزید کارروائی جمعہ کے روز تک ملتوی کرتے ہوئے عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=527385

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں