سموگ کنٹرول کے لئے پنجاب میں ضلعی سطح پر ماڈل زرعی فارمز قائم کرنے کا فیصلہ

156
Model Agricultural Farms

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):سموگ کنٹرول اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے محکمہ زراعت پنجاب نے ماحول دوست زراعت کو فروغ دیتے ہوئے ضلعی سطح پر ماڈل زرعی فارمز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔زرعی ترجمان نے بتایاکہ اس سلسلہ میں ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب نے صوبہ بھر کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کو اپنے اپنے اضلاع میں ماڈل ایگریکلچر فارم قائم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

حکومت پنجاب نے انسداد سموگ کی مہم کا آغاز زیرو ٹالرنس پالیسی کے ساتھ کیا ہے جس کا پہلے ہی اعلان کیا جا چکا ہے اور اس پر عمل درآمدجاری ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ہی یہ انتہائی اہم ہے کہ کسانوں کی توجہ پائیدار طریقوں کے ذریعے فصلوں کی باقیات کے مناسب انتظام کی طرف مبذول کرائی جائے۔

جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمنٹ کمیشن (جے ڈبلیو ای سی) پنجاب اور دیگر متعلقہ این جی اوز/سول سوسائٹی آرگنائزیشنز نے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے کنٹرول کیلئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جس کے نتیجہ میں معزز عدالت نے حکم جاری کیا کہ ہر ضلع میں ماڈل زرعی فارم قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

جہاں محکمہ زراعت کسانوں میں ماحول دوست اور سموگ کو کم کرنے والے طریقوں کو اپنانے کے بارے میں آگاہی اور ترغیب دے۔ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع پنجاب نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ اس سلسلے میں ضلعی سطح پر ایسے زرعی فارموں کا انتخاب کیا جائے جہاں کاشتکار ماحول دوست زراعت کے طریقے اپنانے کا ارادہ رکھتے ہوں اور جدید زرعی مشینری کے ساتھ فصلوں کی باقیات کو جلانے کی بجائے زمین میں دبائیں۔