سموگ کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر سپورٹس گالا ملتوی کر دیا گیا،مریم اورنگزیب

88
ترجمان مسلم لیگ نون کی رمضان شوگر ملز ریفرنس میں بریت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو مبارکباد

لاہور۔7نومبر (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور میں سموگ کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر سپورٹس گالا ایونٹ ملتوی کر دیا گیا۔سموگ سیزن کے بعد سپورٹس گالا منعقد کیا جائے گا ۔جمعرات کے روز جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سموگ کی شدید صورتحال کے پیش نظر کھیلوں کا میلہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا،عوام کی صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر سموگ سیزن کے بعد سپورٹس گالا منعقد کیا جائے گا

،پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے لانے کے لیے سپورٹس گالا منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں شدید سموگ کے باعث شہریوں کو مختلف قسم کی بیماریوں سے بچائو کیلئے ماسک فراہمی کی مہم شروع کر دی ہے، 9 ہزار کسانوں کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے جبکہ سکولوں میں سموگ کے خلاف طلبہ کو لیکچر دیئے جا رہے ہیں ، مساجد سے سموگ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور شہریوں کو غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے کے اعلانات کئے جا رہے ہیں ۔

سینئرصوبائی وزیر نے کہا کہ9 سے زائد مقامات پر فصلوں کی باقیات کو جلانے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور15 افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے 4 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے گئے،لاہور اور اس کے مضافات میں وسیع کڑی نگرانی اور گشت کے اقدامات پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اینٹی سموگ مہم میں محکموں اور انتظامیہ کے علاوہ 3 ہزار 850 رضاکار کمیٹیاں بھی خدمات انجام دے رہی ہیں،ای پی اے اور سی ٹی او اسکوارڈزکی زیرنگرانی ریت کی ٹرالیوں کی ناٹ سرویلنس کا عمل بھی جاری ہے،پنجاب حکومت نے سموگ کے خطرات اور احتیاطی تدابیر سے متعلق ہزاروں کی تعداد میں تحریری مواد بھی عوام میں تقسیم کیا ہے۔