قصور۔ 08 نومبر (اے پی پی):پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں سموگ کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر ضلع قصور میں ماحولیاتی اور ہیلتھ ایمرجنسی نافذکر دی گئی۔ ضلعی انتظامیہ سموگ کے تدارک کیلئے مکمل عملدرآمد کروانے کیلئے متحرک۔ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی کے زیر صدارت گزشتہ روز ضلعی افسران کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ رواں ہفتے 3 روز (جمعہ تا اتوار) تمام سرکاری و نجی ادارے اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
رواں ہفتے دو روز (ہفتہ اور اتوار) ضلع بھر میں تمام کاروباری مراکز اور شاپنگ مالز بند رہیں گے۔ رواں ہفتے 3 روز (جمعہ تا اتوار) ضلع بھر میں سینماز اور جمنیزیم بند رہیں گے۔ 10 تا 12 نومبر ضلع بھر میں تمام تر ریسٹورنٹس بھی بند رہیں گے۔ شاپس,شاپنگ مالز اور مارکیٹس ہفتہ اتوار دو دن بند رہیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ سموگ کی صورت حال کے پیش نظر سمارٹ لاک ڈاؤن پر سو فیصد عملدرآمد کروایا جائے گا۔
سموگ سے بچاؤ کے لئے عوام الناس کو انتظامیہ کے ساتھ تعاون کر کے اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سموگ کی سنگینی کے باعث سموگ کو آفت قرار دیا جا چکا ہے۔ شہری ماحولیاتی آلودگی اور سموگ سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور سموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے ماسک کا استعمال کریں