فیصل آباد ۔ 03 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر فیصل آبادکیپٹن(ر)ندیم ناصرنے کہا کہ سردی کے موسم کے آغاز میں دھند اور دھویں کی آمیزش سے ماحول میں سموگ کی صورتحال انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ہو سکتی ہے جس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی بہترین اقدام ہے جبکہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر بدلتے ہوئے اس موسم میں ممکنہ سموگ کی صورتحال سے بچاؤ کیلئے متعلقہ محکموں کی طرف سے بھر پور انتظامی و انسدادی اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم ممکنہ سموگ کی صورت میں اس کے مضر اثرات سے بچنے کیلئے شہری احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں تاکہ صحت کا تحفظ کیا جا سکے۔
ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ نوجوانوں خصوصاً طالب علموں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے خاندانوں کے افراد کے علاوہ محلے داروں اور اردگرد کے افراد کو سموگ کے مضر اثرات سے بچنے کے طریقوں سے آگاہ کریں۔
انہوں نے بتایا کہ کوڑا کرکٹ کو جلانے و دھواں دینے والی گاڑیوں اور زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف مؤثر ایکشن لیا جارہا ہے جبکہ گردوغبار کے تدارک کیلئے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں اور خشک مٹی والی جگہ پر پانی کا چھڑکاؤ کریں۔انہوں نے کہا کہ سموگ کی صورتحال میں صحت کے بچاؤ کیلئے ہر گھر میں احتیاطی اقدامات ضرور کئے جائیں۔