لاہور۔19نومبر (اے پی پی):سموگ کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت نے اہم فیصلہ کر لیا، سموگ سے متاثرہ اضلاع میں ایک ہفتے کے لیے فیس ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۔ نگراں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی منظوری کے بعد سیکرٹری صحت پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر علی جان خان نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق سموگ سے متاثرہ اضلاع میں آج سے ایک ہفتے کے لیے فیس ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
ہر شہری کو ایک ہفتے کے لیے 20 تا 26 نومبر 2023 ماسک پہننا ہوگا، ماسک کی پابندی لاہور ڈویژن اور گوجرانوالہ ڈویژن کے اضلاع لاہور ، قصور ،ننکانہ صاحب شیخوپورہ ، گجرانوالہ سیالکوٹ ، نارو وال ،گجرات ، حافظ آباد اور منڈی بہائوالدین میں نافذ العمل ہوگی۔ قبل ازیں بھی پنجاب میں اسموگ کی روک تھام کے لیے پابندیوں کا نفاذ کیا گیا ہے ۔
اسموگ کی وجہ سے پنجاب حکومت نے مخصوص اضلاع میں جمعہ کے دن چھٹی کے علاوہ پنجاب کے 6 اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، قصور ،ننکانہ صاحب اور حافظ آباد میں اسموگ کی صورتحال کی وجہ سے ماحولیاتی و ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کی گئی۔
دریں اثنا صوبائی وزیر ماحولیات بلال افضل نے بتایا کہ نگراں وزیر اعلی پنجاب سموگ کے ایشو کے دیرپا حل کے لئے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس کے خاتمے کیلئے شارٹ و لانگ ٹرم حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سموگ پر قابو پانے کیلئے ہمیں چین کی حکومت کا تعاون درکار ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر لاہور کا ایئر کوالٹی انڈکس 400 کی خطرناک شرح پر چلا جاتا ہے تو اس کا شارٹ ٹرم حل مصنوعی بارش ہے۔