سموگ کےخلاف محکمہ ماحولیات کی انسدادی کاروائیاں جاری،15 روزمیں 300صنعتی یونٹس،بھٹوں اور700سے زائد گاڑیوں کی چیکنگ،95 لاکھ جرمانہ

134
Smog

فیصل آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی):فیصل آباد میں محکمہ ماحولیات کی جانب سے متعلقہ اداروں و یونٹس اور گاڑیوں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں اور سیکرٹری ماحولیات پنجاب و کمشنر فیصل آباد ڈویژن کی ہدایات کی روشنی میں سخت ترین اقدامات کا سلسلہ جاری رکھنےکا مقصد فضائی آلودگی کو ختم کرنے سمیت سموگ سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔

حکومتی ہدایات کی روشنی میں سموگ سے بچاؤ کے لیے انسدادی اقدامات کے تحت فیصل آباد کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عاطف عمران نے اے پی پی کو بتایا کہ رواں ماہ کے پہلے پندھرواڑے میں 126 چھوٹے بڑے یونٹس کو چیک کیا گیا جو حکومتی پالیسی کے برعکس دھواں پیدا کر کے فضائی آلودگی کا موجب بن رہے تھے، ان میں سے 34 صنعتی یونٹس سر بمہر، 20 کو وارننگ نوٹس جاری اور 43 کے خلاف متعلقہ پولیس تھانوں میں مقدمات درج کروانے سمیت انہیں 39 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔

اسی طرح زگ زیگ ٹیکنالوجی پر نہ چلنے والے بھٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 169 بھٹوں کی چیکنگ کی گئی جن میں سے 60 کو سر بمہر اور 40 کو نوٹسز جاری کرنے کے علاوہ انہیں 54 لاکھ روپے جرمانہ اور متعلقہ پولیس تھانوں میں 69 مقدمات کا اندراج کروایا گیا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر عاطف عمران نے بتایا کہ اس عرصہ میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران 696 گاڑیوں، ویگنوں، بسوں اور ٹرکوں وغیرہ کو چیک کیا گیا جن میں سے 150 کے چالان کر کے انہیں 2 لاکھ 38 ہزار روپے کا جرمانہ، ایک گاڑی کو بند اور9 گاڑیوں کے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج کروایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دھواں چھوڑ کر سموگ پیدا کرنے اور ماحولیاتی وفضائی آلودگی سے انسان، حیوانی صحت کو نقصان پہنچانے کا موجب بننے والوں کے خلاف حکومتی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کاروائیاں بلا امتیاز جاری ہیں اور تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ دھواں چھوڑنے اور سموگ کا باعث بننے سے گریز کر یں ورنہ ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔