سیالکوٹ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سیالکوٹ مظفر حیات نے کہا ہے کہ سموگ کے خاتمہ کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور شہری ماحول دوست بنیں اور سموگ کا سبب بننے والے عوامل کارخانوں، اینٹوں کے بھٹوں، گاڑیوں سے نکلنے والے دھویں، کوڑے کے ڈھیروں اور فصلوں کی باقیات کو لگی آگ کی تصاویر کو موبائل فون میں”جی پی ایس میپ کیمرہ ایپس“ کے ذریعے بنا کر 03210980980 پر واٹس ایپ کریں یا ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کے نمبر 0529250011 پر اطلاع دیجیئے اور سموگ کو کم سے کم کرنے کیلئے "منیمائز سموگ”مہم کو کامیاب بنا کر ماحول دوست شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
یہ بات انہوں نے جنرل بس اسٹینڈ سیالکوٹ میں انسداد سموگ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ٹریفک پولیس، ماحولیات کے مقامی حکام، پبلک ٹرانسپورٹ کے مالکان اور ڈرائیورز بھی موجود تھے۔ سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مزید کہا کہ مالکان اور ڈرائیورز اپنی گاڑیوں میں معیاری ڈیزل استعمال کریں اور انجن آئیل فلٹر کو ٹائم پر تبدیل کریں، ٹائرز میں پوری ہوا رکھیں اور دھواں چھوڑنے پر گاڑیوں کو فوری مرمت کروائیں۔ انہوں نے کہا دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں فیول کو ضائع کرتی ہیں۔
اس لئے جرمانوں اور سزاوں سے بچنے کیلئے ایس او پیز پر من و عن عمل کریں، بعد ازاں آگاہی سموگ ریلی بھی نکالی گئی جس دوران شرکاء ریلی نے سموگ کا باعث بننے والے معلوماتی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ٹریفک پولیس اور محکمہ ماحولیات کی جانب سے شہریوں میں سموگ کے سدباب کیلئے بروشرز اور ہینڈ بلز بھی تقسیم کئے گئے۔