سمیع واحد کوکا کولا پاکستان و افغانستان ریجن کے نئے جنرل منیجر مقرر

64
Pakistan and Afghanistan Region
Pakistan and Afghanistan Region

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):دی کوکا کولا کمپنی نے سمیع واحد کو پاکستان اور افغانستان ریجن کے لئے جنرل منیجر مقرر کر دیا ہے، وہ یوریشیا اور مشرقِ وسطیٰ آپریشن یونٹ کا حصہ ہوں گے۔ کوکا کولا کمپنی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سمیع واحد کو مارکیٹنگ، سیلز، حکمتِ عملی اور مینجمنٹ میں تقریباً 20 سال کا تجربہ حاصل ہے اور وہ کاروباری منصوبہ بندی اور ٹیم لیڈرشپ میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔کوکا کولا میں شامل ہونے سے پہلے سمیع واحد مونڈیلیز پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر کام کر رہے تھے جہاں انہوں نے پاکستان، مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں کمپنی کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا،

وہ جدید سوچ، برانڈ کی ترقی اور مضبوط کاروباری نتائج کے لئے جانے جاتے ہیں۔سمیع واحد نے کہاکہ کوکا کولا نے حالیہ برسوں میں پاکستان میں ایک ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہےاور اس مارکیٹ میں ترقی کی بڑی گنجائش موجودہے، میں ترکیہ کی کمپنی سی سی آئی کے ساتھ مل کر کوکا کولا کو پاکستان میں مزید آگے لے جانے کے لئے پُرعزم ہوں، پاکستان میں کوکا کولا کو 70 سال سے زیادہ ہو چکے ہیں اور یہ برانڈ پاکستان کی ثقافت کا ایک اہم حصہ بن چکا ہے۔

کوک سٹوڈیو اور کوکاکولا کے مختلف سماجی ترقی کے منصوبے اس کی مثالیں ہیں۔سمیع واحد کاروباری شعبے کی بہتری کے لئے ریگولیٹری اداروں کے ساتھ بھی متحرک ہیں اور ماحول، بہتر انتظام اور پائیداری کے حوالے سے خاص دلچسپی رکھتے ہیں۔ وہ امریکن بزنس کونسل کے سینئر نائب صدر بھی ہیں اور مستقبل میں ایسے کئی منصوبوں پر کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو کاروبار میں ترقی کے ساتھ ساتھ معیشت،عوام اور کمیونٹی کے لئے بھی فائدہ مند ہوں۔