سمیڈاکا خواتین کی کاروباری صلاحیت کو بڑھانے کیلئے جائیکا کے ساتھ معاہدہ

47
سمیڈاکا خواتین کی کاروباری صلاحیت کو بڑھانے کیلئے جائیکا کے ساتھ معاہدہ

لاہور۔3جولائی (اے پی پی):سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) نے پنجاب کے غیر رسمی اقتصادی شعبے میں خواتین کاروباریوں کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سقراط امان رانا اور جائیکا وفد کی سربراہ کوما ہاشی رائی نے جمعرات کو سمیڈا ہیڈ آفس میں منعقدہ ایک تقریب میں معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر سی ای او سمیڈا مسٹر سقراط امان رانا نے جائیکا مشن کا خیرمقدم کیا اور خواتین تاجروں کی معاشی ترقی کے لیے مذکورہ معاہدے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین تاجروں کی ترقی پاکستان میں صوبائی اور وفاقی دونوں حکومتوں کی ترجیح ہے۔

انہوں نے معاہدے کے مقاصد کے حصول کے لیے جائیکا کے ساتھ مل کر بھرپور کوششیں کرنے کی یقین دہانی کرائی۔جائیکا مشن کی سربراہ کوماہاشی رائی نے تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے خواتین کاروباریوں کو بااختیار بنانے کے اقدام میں سمیڈا کے ساتھ شراکت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ "یہ ایک چیلنجنگ منصوبہ ہے لیکن یہ منصوبہ مائیکرو لیول کی خواتین کاروباریوں کو درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ایک تاریخی اقدام ثابت ہوگا۔

ترجمان کے مطابق "پاکستان میں غیر رسمی اقتصادی شعبے میں کاروباری خواتین کی صلاحیت کا منصوبہ” کے عنوان سے یہ اقدام سمیڈا، جائیکا اور پنجاب میں متعلقہ سرکاری اور نجی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ملاقاتوں اور مشاورت کے سلسلے کی آخری کڑی ہے۔

یہ پانچ سالہ پراجیکٹ (2026-2030) خواتین کاروباریوں کے کاروبار کی ترقی کو آسان بنادے گا ،یہ منصوبہ پنجاب میں سمیڈا سمیت تمام سرکاری اور نجی اداروں کے اشتراک سے ایک ملٹی سٹیک ہولڈرز فورم کے ذریعے کاروباری خواتین کو ایک جامع مدد گار نظام فراہم کرے گا۔