اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا)نے لاہور میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں ( ایس ایم ایز)کے لیے ڈیجیٹل تجارت میں سہولت کے عنوان سے ایک اہم پینل ڈسکشن کا انعقاد کی، چھوٹے کاروباروں کے لیے آن لائن تجارت کو مزید آسان بنانے کے لئے معاہدہ طے پاگیا۔
تقریب میں صنعت کے ماہرین، پالیسی سازوں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی، جہاں پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز)کے لیے ڈیجیٹل تجارت کو مضبوط بنانے کے طریقوں اور درپیش چیلنجز پر گفتگو کی گئی۔
ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق پینل میں نمایاں مقررین شامل تھے، جن میں پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو)کے چیف ایگزیکٹو آفسر آفتاب حیدر، لمز کی فیکلٹی رکن اور انٹرنیٹ گورننس اور ٹیکنالوجی پالیسی کی ماہر گلالئی خان، ڈیجیٹل بزنس آٹومیشن ماہر اور فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے سی او او فیضان صدیقی، اوراوزی گروپ،جولٹا بیٹریز کے بانی اور سی ای او عثمان شیخ شامل تھے۔
اس بحث میں ایس ایم ایزکو عالمی منڈیوں تک رسائی میں درپیش رکاوٹوں، ڈیجیٹل حل کے ذریعے تجارتی عمل کو آسان بنانے، لاگت کم کرنے اور مسابقت کو بڑھانے کے طریقوں پر بات چیت کی گئی۔اس موقع پر سمیڈا اور پی ایس ڈبلیو نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ، جس کے تحت ایس ایم ایز کو عالمی تجارتی نظام میں شامل کرنے کے لیے ایک سٹریٹجک شراکت داری قائم کی گئی۔
اس معاہدے کا مقصد تجارتی عمل کو ڈیجیٹل حل کے ذریعے آسان بنانا ہے، جس کے تحت ایس ایم ایز اور کاروباری خواتین کو مارکیٹ انٹیلیجنس، ڈیٹا اینالیٹکس اور برآمدات سے متعلق وسائل تک رسائی فراہم کی جائے گی۔ ای کامرس کو فروغ دے کر یہ شراکت داری ایس ایم ایز کو عالمی منڈیوں تک رسائی دینے اور پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے میں مدد دے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئےسمیڈاکے سی ای او سقراط امان رانا نے ایس ایم ایز کی ترقی میں تجارتی سہولت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی عمل کو آسان بنانے اور رکاوٹوں کو کم کرنے سے ایس ایم ایز عالمی سطح پر زیادہ موثر انداز میں مسابقت کر سکتے ہیں، جو ملک کی معاشی ترقی اور جدت طرازی میں معاون ثابت ہوگا۔
اس شراکت داری کے ذریعے ایس ایم ایز کو بین الاقوامی تجارت کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے درکار تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ سمیڈا کے سی ای او سقراط امان رانا نے کہا کہ یہ معاہدہ چھوٹے کاروباروں کو ترقی دینے میں مدد دے گا اور انہیں عالمی سطح پر مسابقتی بنائے گا۔
پی ایس ڈبلیو کے سی ای او آفتاب حیدر نے کہا کہ ہمارا مقصد کاروبار کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے آسان اور شفاف بنانا ہے۔سمیڈا کی جی ایم پالیسی اینڈ پلاننگ نادیہ جہانگیر سیٹھ نے اس معاہدے میں کاروباری خواتین کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری خواتین کی زیر قیادت کاروباروں کو ترجیح دے گی تاکہ انہیں ڈیجیٹل تجارتی ٹولز تک رسائی حاصل ہو اور وہ عالمی منڈی میں زیادہ مثر انداز میں مسابقت کر سکیں۔
تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پالیسی سازوں، محققین، کاروباری افراد اور صنعت کے نمائندوں نے شرکت کی، جوایس ایم ایز کی ڈیجیٹل ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس پینل میں ہونے والی گفتگو مستقبل کی پالیسیوں اور پروگراموں کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گی، جو پاکستان کےایس ایم ایز سیکٹر کو مزید مستحکم بنانے اور معیشت کو فروغ دینے میں مدد دے گی۔
سمیڈا اور پی ایس ڈبلیو کے درمیان یہ سٹریٹجک شراکت داری چھوٹے کاروباروں کے لیے آن لائن تجارت کو مزید آسان بنائے گی اور پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرے گی
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564685