ایبٹ آباد۔ 15 اگست (اے پی پی):وزیر اعظم کی جانب سے حویلیاں کی بیٹی سندس اقبال کو ایوارڈ سے نوازنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، امید ہے کہ سندس اقبال کے جلائے گئے چراغ مزید گھروں میں بھی روشنی پیدا کرنے کا سبب بنیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ایبٹ آباد کے علاقہ جھنگی کی ممتاز سماجی شخصیت عارف خان جدون نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گذشتہ روز پی پی اے ایف کے تعاون سے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت منعقدہ تقریب میں حویلیاں کی بہادر بیٹی سندس اقبال کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا۔
واضح رہے کہ سندس اقبال نے ابتدائی تعلیمی دور میں اپنے تعلیمی اخراجات پورا کرنے کیلئے بیوٹی پارلر کا کام شروع کیا، گزرتے وقت کے ساتھ 2016ءمیں وہ ماسٹر کرنے میں کامیاب ہوئیں، وہ ایک سال بعد انٹرشپ حاصل کر کے کمیشن کے ذریعہ ملازمت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
ملازمت حاصل کرنے کے باوجود انہوں نے اپنی ہنر کو بلا معاوضہ دیگر غریب لڑکیوں میں منتقل کیا، گذشتہ سال انہوں نے پی پی اے ایف سے بلا سود قرضہ لیکر متعدد لوگوں کو سیلون بنا کر دیئے، آج صرف سندس اقبال نہیں بلکہ ان کی توسط سے درجنوں لڑکیاں اپنے کاروبار کے ذریعہ محنت کر کے اپنے خاندانوں کی کفالت کر رہی ہیں۔