اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فضائیہ کا ریسکیو، ریلیف اور بحالی کا آپریشن جاری ہے۔اتوار کو ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ہالا، مٹیاری، تلہار، ماچھی، بولانی، لاشاری، ناروا، سیہون شریف، گھارو، جاتی، کوڈاریو، حاجی پور، چوہڑ جمالی، میرپور خاص، سائیں داد، بلو، جھل مگسی، حاجی پور میں پی اے ایف کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق بستی شیر محمد، لاکھڑا، مٹیاری، شہداد کوٹ، صحبت پور، بستی جاگیر گبول، فاضل پور اور اللہ ورائیو جمالی کے ضرورت مند خاندانوں کو امدادی سامان کی فراہمی کی گئی، سیلاب زدگان میں پی اے ایف کی جانب سے راشن پیک، 3100 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ اور 1100 پانی کی بوتلیں تقسیم کی گئیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق شمالی زون میں پی اے ایف کے بیسز خیبر پختونخوا میں بارشوں سے ہونے والی تباہی کے بعد ملک و قوم کی پکار پر لبیک کہنے کے لیے ہمہ تن تیار ہے۔پی اے ایف کی میڈیکل ٹیموں کی جانب سے 721 مریضوں کو مفت طبی امداد کی فراہمی کی گئی ۔