سندھ بجٹ: پیپلزبس سروس کے آپریشن برقرار رکھنے کیلئے 3.66بلین روپے رکھنے کی تجویز

208

کراچی۔ 14 جون (اے پی پی):حکومت سندھ نے پیپلز بس سروس کے آپریشن برقرار رکھنے کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 3.66بلین روپے رکھنے کی تجویز دی ہے۔بجٹ دستاویز کے مطابق سندھ حکومت نے سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ذریعے ٹرانسفارمیشن سفر کا آغاز کیا ہے ،

یہ منصوبہ سندھ کے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلابی تبدیلی لانے کیلئے بنایا گیا ، منصوبہ کراچی، حیدرآباد،لاڑکانہ،سکھر میں 290 ڈیزل الیکٹرک ہائبرڈ بسوں کے ذریعے سروس دے رہاہے ان بسوں میں ایک لاکھ دس ہزار مسافروں کی گنجائش ہے ، بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کرایہ محض 50 روپے رکھا گیا ہے،حکومت ان بسوں کی آپریشنل کاسٹ کو سبسڈائز کررہی ہے۔

اس منصوبے میں خواتین کیلئے پنک بس سروس بھی شامل ہے جس کو قومی اور بین الاقوامی طور پر سراہا گیا ہے۔حکومت سندھ مزید بسیں اور مزید روٹ بڑھانے کے مراحل میں ہے جس کے تحت 500ایکو فرینڈلی الیکٹرک بسیں آن رینٹ ٹو اون ماڈل شامل کی جائیں گی ۔پیپلز بس سروس کے آپریشن کو برقرار رکھنے کیلئے آئندہ مالی سال کیلئے 3.66بلین روپے رکھے گئے ہیں۔