سندھ حکومت نے 12 ایکڑ تک زرعی اراضی رکھنے والے چھوٹے کاشتکاروں کو 5ہزار روپے فی ایکڑ کی رقم تقسیم کرنے کا آغاز کردیا

217
بلاول بھٹو

کراچی ۔5مارچ (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر بیج سبسڈی پروگرام،گندم کے بیج کے لیے معاوضہ کا افتتاح کیا اور 12 ایکڑ تک زرعی اراضی رکھنے والے چھوٹے کاشتکاروں کو 5ہزار روپے فی ایکڑ کی رقم تقسیم کرنے کا آغاز کیا اور 8.39 ارب روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کو منتقل کیے۔

وزیراعلی ہاؤس سندھ سے جاری اعلامیہ کےمطابق وزیراعلیٰ ہائوس میں ہونے والے پروگرام میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ایم این اے فریال تالپر، سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، وفاقی وزیر شازیہ مری، مشیر زراعت منظور وسان، صوبائی وزراء، منتخب اراکین سمیت خوتین اور مرد آبادگاروں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

قبل ازیں چیئرمین بلاول بھٹو کو ایک پریزنٹیشن کے ذریعے بتایا گیا کہ 2022 کے سیلاب نے 4.4 ملین ایکڑ رقبے میں سے 3.6 ملین ایکڑ رقبے پر کھڑی خریف کی فصلوں کو تباہ کیا جس سے کسانوں کو 421 بلین روپے کا نقصان ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس کے سیلاب میں 4.4 ملین ایکڑ میں سے 3.6 ملین ایکڑ خریف کی فصل کو نقصان ہوا ہے۔ ہاریوں کو سال 2022 کے سیلاب میں 421 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ فصل کی تباہی نے صوبے میں کھاد خوراک اور معاشی مسائل پیدا کردیئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے پارٹی قیادت کی ہدایت پر گندم کا بیج مہیا کرنے کا پروگرام بنایا۔ بیج کی سبسڈی کیلئے 13.5 ارب روپے درکار تھے، حکومت سندھ نے بیج سبسڈی کیلئے 8.39 ارب روپے کا بندوبست کیا اور وفاقی حکومت نے اس پروگرام کیلئے 4.7 ارب روپےکی خصوصی گرانٹ دی۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آ بادگاروں کو گندم کی بوائی کے آغاز تک مفت بیج دینے کے پروگرام بنایا تھا، آبادگاروں کا ڈیٹا اور اس کی تصدیق کے عمل میں بوائی کے وقت رقم نہیں دے سکے۔ ہاریوں کو فی ایکڑ پانچ ہزار روپے کے حساب سے بیج اور کھاد کی مد میں دیئے جا رہے ہیں، تصدیق شدہ آبادگاروں کی تعداد 1لاکھ 85ہزار 928 ہے جن کو 5 ہزار روپے فی ایکڑ منتقل کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 4.227 ارب روپے 1لاکھ 85ہزار 982 آبادگاروں میں تقسیم کئے جارہے ہیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو 8.39 ارب روپے دیئے گئے ہیں، جس میں 4.227 ارب روپے اگلے 10 یوم میں تقسیم ہوجائیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے گندم کی امدادی قیمت 4ہزار روپے رکھی ہے۔ ورلڈ بینک نے ہاریوں کے لئے سندھ حکومت کی مدد کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 4.227 بلین روپے کی تقسیم کے بعد 4.17 بلین روپے کی رقم بی آئی ایس پی کے پاس باقی رہے گی جو کہ دوسرے مرحلے میں 25 ایکڑ تک اراضی رکھنے والے کسانوں اور 12 ایکڑ کی پہلے مرحلے میں رہ جانے والے کاشتکاروں میں تقسیم کی جائے گی۔ ہم نے 25 ایکڑ کے کاشت کاروں کو بیج کی مد میں 5ہزار روپے فی ایکڑ دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تمام زمینداروں کو ہدایت کی کہ یہ 5ہزار روپے اپنے ہاریوں کو دیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارے ملک میں مردم شماری ڈیجیٹل طریقے سے ہورہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خود شماری کے لئے وقت بڑھایا گیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے بھر کے عوام سے گزارش ہے کہ آپ خود کار نظام کے تحت رجسٹر کریں اگر نہ کر سکیں تو ٹیم آپ کے پاس آئے گی، مردم شماری میں خود کو اور دوسروں کو رجسٹرڈ کروائیں۔