حیدرآباد۔ 19 نومبر (اے پی پی):سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے شعبہ سوائل سائنس میں جدید مائیکروبائیولوجی لیبارٹری کا قیام عمل میں آیا ہے جس کا افتتاح وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کیا۔ یہ لیبارٹری سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت سندھ کی سرکاری جامعات کے لیبارٹریز کو مضبوط کرنے کے پروگرام کے تحت قائم کی گئی ہے۔لیبارٹری میں زمین کی جانچ، بائیوفرٹیلائزرز کی تیاری، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور دیگر زرعی و ماحولیاتی مسائل کے تجزیے کے لیے جدید آلات نصب کیے گئے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے مائیکروبائیولوجی لیبارٹریز کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ پائیدار زراعت میں بائیوفرٹیلائزرز کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا ایسی لیبارٹریز تحقیق کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ زمین کی زرخیزی میں اضافے اور ماحول دوست زراعت کے فروغ میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ پروگرام کے فوکل پرسن ڈاکٹر غلام مرتضیٰ جامڑو نے اپنی بریفنگ میں لیبارٹری کی خصوصیات اور اس کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولت تحقیقاتی سرگرمیوں کو تقویت دے گی، خاص طور پر بائیوفرٹیلائزرز کی تیاری اور ان کے استعمال کے ذریعے۔ڈین فیکلٹی آف کراپ پروڈکشن ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر اور ڈاکٹر اللہ ودھایو گندہی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے تحقیق کے لیے جدید انفراسٹرکچر کی اہمیت پر زور دیا۔ تقریب میں مختلف شعبوں کے سربراہان، اساتذہ، اور محققین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔