سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی زیرمیزبانی پی سی بی ایچ ای سی انٹریونیورسٹی کرکٹ چیمپئن شپ زون کے شروع ہو گئی، 15 جامعات مدمقابل

97
Sindh Agricultural University

حیدرآباد۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی زیرمیزبانی پی سی بی ایچ ای سی انٹریونیورسٹی کرکٹ چیمپئن شپ زون کے شروع ہو گئی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے افتتاح کیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے ڈئریکٹوریٹ آف سپورٹس کی زیرمیزبانی پاکستان کرکٹ بورڈ اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مشترکہ تعاون سے انٹریونیورسٹی کرکٹ چیمپئن شپ ’’زون۔ کے ‘‘مقابلوں کا آغاز ہو گیا ،

جس کا افتتاح وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے بال کو شاٹ مارکر کیا، ان مقابلوں میں میزبان ٹیم سندھ زرعی یونیورسٹی سمیت جی سی یونیورسٹی حیدرآباد، اسریٰ یونیورسٹی حیدرآباد، مہران یونیورسٹی جامشورو، صوفی یونیورسٹی بھٹ شاہ، شہید بینظیر یونیورسٹی سکرنڈ، قائد عوام یونیورسٹی نوابشاہ، شہید بینظیر یونیورسٹی نوابشاہ، شاہ لطیف یونیورسٹی خیرپور، شیخ ایاز یونیورسٹی شکارپور، آئی بی اے یونیورسٹی سکھر، شہید محترمہ بینظیربھٹو یونیورسٹی لاڑکانہ اور لاڑکانہ یونیورسٹی لاڑکانہ حصہ لے رہی ہیں۔اس موقع پر سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے بال کو شاٹ مارکر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی میچ جی سی یونیورسٹی حیدرآباد اور مہران یونیورسٹی جامشورو کے مابین کھیلا گیا،

ٹاس جیتنے کے بعد جی سی یونیورسٹی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 153 رنز بنائے، بلے باز محمد نوید نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے۔ جواب میں مہران یونیورسٹی کی ٹیم نے 7 وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ سکور بنا کر میچ جیت لیا۔اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ ملکی سطح کے تمام کھیلوں کی میزبانی کر رہی ہے اور سندھ سمیت ملک کی جامعات کے طلبہ کو کھیلوں کا ایک بہتر پلیٹ فارم مہیا کر رہی ہے۔ڈائریکٹر سپورٹس انوار حسین خانزادہ نے آنے والے شرکاء کو چیمپئن شپ کے حوالے سے آگاہ کیا۔اس موقع پر کرکٹ ایسوسی ایشن حیدرآباد ریجن کے صدر میر سلیمان تالپر اور ضلعی صدر شکیل احمد بھی موجود تھے جبکہ شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔