سندھ زرعی یونیورسٹی کانووکیشن، 811 گریجوئیٹس کو ڈگریاں اور میڈلز ایوارڈ کئے گئے

106
سندھ زرعی یونیورسٹی کانووکیشن، 811 گریجوئیٹس کو ڈگریاں اور میڈلز ایوارڈ کئے گئے

حیدرآباد۔ 18 جنوری (اے پی پی):سندھ زرعی یونیورسٹی کا 12واں کانووکیشن، 811 گریجوئیٹس کو ڈگریاں اور میڈل ایوارڈ کئے گئے۔پوزیشن ہولڈرز میں 100 میڈلز اور 59 پی ایچ ڈی ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کا 12واں کانووکیشن منعقد کیا گیا، جس کی صدارت وائیس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد مری نے کی، جبکہ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی کے نگران صوبائی وزیر ارشد ولی محمد نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔

کانووکیشن کے دوران سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی مختلف کلیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر، انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، شہید ذوالفقار علی بھٹو زرعی کالج ڈوکری، خیرپور کالج آف ایگریکلچرل انجنیئرنگ، اور سب کیمپس عمرکوٹ کے 811 طلبہ کو ڈگریاں تفویض کی گئیں جن میں 602 بیچلرز ڈگریاں اور 150 ماسٹرز کی ڈگریاں شامل ہیں،جبکہ 59 پی ایچ ڈی کی ڈگریاں بھی ایوارڈ کی گئیں، کانووکیشن کے دوران پوزیشن حاصل کرنے والے 100 گریجویٹس کو میڈلز بھی دیئے گئے ۔

جن میں 36 گولڈ میڈلز، 33 سلور اور 28 سلور کے ساتھ گلٹ ایج میڈلز شامل ہیں۔اس موقع خطاب کرتے ہوئے وائیس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی اپنے کالجوں اور کیمپس میں لڑکیوں کی فیس معاف کرکے، غریب والدین کا اپنی بیٹیوں کو اعلیٰ تعلیم دلانے کا خواب پورا کررہی ہے،جبکہ طلباء کے لیے سکالرشپس اور انٹرن شپ کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔جبکہ ہمارے ماہرین جانوروں کے نایاب نسلوں کی بقا کیلئے اینیمل بریڈنگ امپروومنٹ اور کسانوں کو تصدیق شدہ بیج فراہم کرنے کیلئے سیڈ امپروومنٹ پروگرام پر اہم کام کر رہے ہیں۔

اس موقع پر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی کے نگران صوبائی وزیر ارشد ولی محمد نے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی زرعی تدریسی اور تحقیق میں مزید اہم کردار ادا کررہی ہے، جبکہ موسمی تبدیلیوں، زمین کی پیداوار صلاحیت میں کمی، پانی کی نمکین ہونے کی وجہ سے ملک کی زراعت کو خطرات لاحق ہیں، لہٰذا ماہرین سمارٹ ایگریکلچر پریکٹسز کے ذریعے اس شعبے مزید ترقی کی طرف گامزن کرنا چاہئے ۔

سندھ زرعی یونیورسٹی کے سابق و بانی وائیس چانسلر ڈاکٹر عبدالقادر انصاری نے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی نے تدریسی اداروں میں یوتھ کلچر کی بنیاد ڈالی اور کانووکیشن اصل میں یونیورسٹی کے غیر معمولی طلباء کی طرف سے حاصل کردہ اہم سنگ میلوں کا جشن ہے ۔اس موقع پر مختلف جامعات کے وائیس چانسلرز، زرعی تدریسی و تحقیقی اداروں کے سربراہان، ڈینز، استاذہ اور افسران کی بڑی تعداد موجود تھی۔