حیدرآباد۔ 30 مئی (اے پی پی):سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے ہونہار طلبہ میں وزیرِاعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا کہ اب تک 6 ہزار سے زائد لیپ ٹاپ یونیورسٹی کے طلبہ کو دئیے جا چکے ہیں اور آئندہ بھی تعلیمی کارکردگی کی بنیاد پر مزید لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا کہ کمپیوٹر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر آج کی ترقی یافتہ دنیا کا تصور ممکن نہیں اور یہی ٹیکنالوجی پاکستان کی معاشی ترقی اور دفاع میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال کے ذریعے خود کو بااختیار بنائیں اور گھروں سے بیٹھ کر بھی ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
وائس چانسلر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کالج سطح پر بھی لیپ ٹاپ اسکیم متعارف کروائی جائے اور آئی ٹی کی تعلیم کو فروغ دیا جائے۔فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین ڈاکٹر اعجاز علی کھوھارو نے کہا کہ ہمارے طلبہ کے کچھ عرصے سے رکے ہوئے لیپ ٹاپ حاصل کئے ہیں، اب طلبہ میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں تاکہ مستقبل میں بھی ایسی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ڈائریکٹر یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ اینڈ فنانشل اسسٹنس ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر نے بتایا کہ یونیورسٹی کی جانب سے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ کے مواقع کے لیے مسلسل کوششیں کی گئی ہیں تاہم بعض اوقات مطلوبہ کارکردگی نہ ہونے کے باعث کچھ اسکالرشپ سلاٹس خالی رہ جاتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ اسکیم سے یونیورسٹی کے زیادہ سے زیادہ طلبہ مستفید ہوں گے۔اس موقع پر اسکالرشپ اسکیم کے فوکل پرسن ڈاکٹر برکت اللہ قریشی نے شرکاء کو لیپ ٹاپ اسکیم کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603526