23.8 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 10, 2025
ہومقومی خبریںسندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی بڑا سانحہ ہے ،جنگ مسلط کی...

سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی بڑا سانحہ ہے ،جنگ مسلط کی گئی تو پاک مسلح افواج وپوری قوم مل کر جواب دیں گے، سپیکر پنجاب اسمبلی

- Advertisement -

لاہور۔9مئی (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی بہت بڑا سانحہ ہے ،اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم مل کر اس کا جواب دیں گے۔ وہ یو ایم ٹی لاہور میں منعقدہ ”سندھ طاس معاہدہ، چیلنجز، خودمختاری وحکمت عملی” کے عنوان سے مکالمے میں خطاب کر رہے تھے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے،مگر کمزوری نہیں،اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدہ کو توڑنے کی کوشش کی تو پاکستان اپنے تمام سفارتی، قانونی اور اسٹریٹجک آپشنز استعمال کرے گا، پانی پاکستان کی زندگی ہے،اس پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی، اگر یہ جنگ پانی کی ہے، تو یاد رکھیں پاکستانی قوم اپنی نسلوں کے تحفظ کے لئے 100 سال تک لڑنے کا حوصلہ رکھتی ہے۔

- Advertisement -

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ 1960 کا سندھ طاس معاہدہ پاکستان کی امن پسندی اور رواداری کی علامت تھا، لیکن بھارت کی جانب سے دریائے چناب، جہلم اور سندھ پر متنازعہ ڈیمز اور منصوبے معاہدے کے یک طرفہ خاتمے کے مترادف ہیں۔سپیکرنے واضح کیا کہ بھارتی حکومت کی ہندتوا سوچ نہ صرف داخلی اقلیتوں بلکہ پوری خطے کی خودمختارریاستوں کے لئے بھی خطرہ بن چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ25 کروڑ عوام کا حق کوئی ملک چھینے گا تو اسے جواب دیں گے، اگر جنگ مسلط ہوئی تو ہم پاک افواج کے ساتھ مل کر لڑیں گے۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ بھارت آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے،اس کی یہ روش واٹر ٹیررازم کے مترادف ہے، پاکستان ایک ذمہ دار ریاست اور اس نے ہمیشہ بین الاقوامی قوانین و معاہدوں کی پاسداری کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی کو روکنا بڑی جنگ کو دعوت دینا ہے،چین کے گاما پترا سے 38 فیصد پانی بھارت جاتا ہے، اگر پاکستان کا پانی رکا تو چین بھی پانی روک سکتا ہے۔ تقریب سے صدر یو ایم ٹی اور سابق صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی آبی دہشتگردی خطے کے امن اور معیشت کے لئے خطرناک اوراس مسئلہ پر قومی سطح پر پالیسی سازی ناگزیر ہے۔

تقریب میں سینئر صحافی سہیل وڑائچ، ڈائریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، چیف ایڈوائزر جنرل (ر) جاوید حسن، قانونی ماہر احمر بلال صوفی اور انجینئر طاہر بشارت سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر صدر یو ایم ٹی ابراہیم مراد نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو یادگاری سوینئر پیش کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594858

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں