اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بھارت کو چیلنج کیا ہے کہ اگر اس کے پاس بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں وکشمیر میں ہونے والے حملے میں پاکستان کے مبینہ ملوث ہونے کے ثبوت ہیں تو پیش کرے۔
وہ جمعرات کو یہاں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ بھی موجود تھے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی اور عسکری قیادت نے اہم فیصلے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی الزامات اور فیصلے غیرذمہ دارانہ ہیں، بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا یکطرفہ اقدام کسی بھی طور قبول نہیں، بھارت ایسا نہیں کر سکتا کیونکہ عالمی بینک اس معاہدے میں ثالث ہے اور معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کئے جانے کی کوئی شق شامل نہیں ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے کہا کہ اس معاہدے پر کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالنا، پانی کو موڑنا یا پانی بند کرنے کے عمل کو قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیہ میں اقدام جنگ قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کچھ ایسا کرتا ہے جو بھی ضروری اقدام اٹھانا ہو گا پاکستان اٹھائے گا۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارتی حکومت کا رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے، بھارت بنا شواہد کے الزام تراشی کررہا ہے۔ نائب وزیراعظم نے خبردار کیا کہ پاکستان کے جائز حصے کے پانی کو روکنے یا موڑنے کی کسی بھی کوشش کا پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھنے کے بھارتی اعلان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے جنگ کے مترادف قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1960 میں عالمی بینک کی ثالثی میں طے پانے والے سندھ آبی معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان پرامن تعاون کی ایک نادر مثال سمجھا جاتا ہے۔
محمد اسحاق ڈار نے زور دے کر کہا کہ معاہدے میں یکطرفہ معطلی کی اجازت دینے والی کوئی شق نہیں ہے، انہوں نے بھارت کے اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ نائب وزیر اعظم نے پاکستان کے جوابی اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اٹاری واہگہ بارڈر کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے اور تمام سرحد پار آمدورفت معطل کر دی گئی ہے اور 30 اپریل تک درست توثیق کے حامل افراد واپس جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سارک ویزا استثنیٰ سکیم کے تحت بھارتی شہریوں کو جاری کئے گئے تمام ویزے منسوخ کردیئے گئے ہیں، سوائے سکھ مذہبی یاتریوں کے جو عارضی طور پر پاکستان میں رہ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اسلام آباد میں تعینات بھارتی دفاعی، بحری اور فضائی مشیروں کو ناپسندیدہ قرار دیا ہے، ان کو 30 اپریل تک ملک چھوڑنا ہوگا۔ اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن میں تعداد 30 سفارتکاروں اور عملے تک کم کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی فضائی حدود بھارت کی ملکیت یا بھارت سے چلنے والی تمام ایئرلائنز کے لئے بند کردی ہے جبکہ بھارت کے ساتھ تمام تجارت بشمول پاکستان کے ذریعے تیسرے ملک کی ٹرانزٹ معطل کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کو جواز فراہم کرنے کے لئے بے بنیاد الزام تراشی کی ایک طویل تاریخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی مدد سے غیر ملکیوں کے مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے کے معتبر ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھارت کی پریس بریفنگ سے قبل پہلگام واقعے پر ایک بیان جاری کیا تھا جس میں حملے پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔ محمد اسحاق ڈار نے خبردار کیا کہ یکطرفہ بھارتی اقدامات پاکستان کو تاریخی شملہ معاہدے سمیت دیگر دوطرفہ معاہدوں کو معطل کرنے پر مجبور کرسکتے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے عالمی سفارتی کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو 182 ووٹوں کی اکثریت کے ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 2025-2026 کی مدت کے لیے غیر مستقل منتخب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جولائی 2025 میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے گا اور وہ اس پلیٹ فارم کو علاقائی امن اور انصاف کی وکالت کے لئے استعمال کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دوست ممالک اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کو صورتحال سے آگاہ کیا ہے اور اس نے علاقائی سلامتی اور دہشت گردی سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مسودے میں دو ترامیم تجویز کی ہیں۔
نائب وزیراعظم نے کثیرالجہتی، سفارت کاری اور بین الاقوامی قانون پر پاکستان کے یقین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام اور عالمی شراکت داروں کو مستقبل کی پیشرفت سے آگاہ کرتی رہے گی۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے بار بار الزام تراشی کررہا ہے، اگر پہلگام میں پاکستان کے ملوث ہونے کے ثبوت ہیں تو بھارت اسے ہمارے اور دنیا کے ساتھ شیئر کرے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارتی اعلانات کا جواب دیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587298