سندھ فوڈ اتھارٹی نے کھانے پینے کی اشیا کے کاروبار سے وابستہ افراد کی تربیت کے لئےآگاہی مہم کا آغاز کردیا، ڈائریکٹر جنرل آغا فخر حسین

66

کراچی۔ 16 مارچ (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے کہا ہے کہ سندھ فوڈ اتھارٹی نے عوامی سطح پر حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق غذا کے استعمال اور کھانے پینے کی اشیا کے کاروبار سے وابستہ افراد کی تربیت اور آگاہی کیلئے بڑے پیمانے پرآگاہی مہم کا آغاز کردیا۔

ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی نے الیکٹرانک چینلز پر اپنے انٹرویوز میں سندھ فوڈ اتھارٹی کے قوانین اور طریقہ کار کے متعلق آگاہی دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کھانے پینے کی اشیا کے کاروبار سے وابستہ تمام افراد کو سندھ فوڈ اتھارٹی سے لائسنس لینا ضروری ہے اور جو لوگ جان بوجھ کر لائسنس لینے سے اجتناب کررہے ہیں ان کے خلاف سندھ فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ سندھ فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے بارے میں آگاہی نہیں رکھتے انہیں سندھ فوڈ اتھارٹی تربیت کے مواقع فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے ضروری ہے کہ عوامی سطح پر حفظان صحت کے اصولوں کے بارے میں مکمل آگاہی ہو اور کھانے پینے کے کاروبار سے وابستہ افراد بھی فوڈ سیفٹی اور فوڈ ہینڈلنگ کے اصولوں پر عمل کریں۔