سندھ فوڈ اتھارٹی کی حیدرآباد کی غیر معیاری گھی بنانے والوں کے خلاف کارروائی

118

حیدرآباد۔ 11 جنوری (اے پی پی):سندھ فوڈ اتھارٹی حیدرآباد کی ٹیم نے پنیاری تھانے کی حدود میں ایک گھر میں قائم غیر معیاری گھی بنانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گھریلو کارخانہ سر بمہر کردیا جبکہ چار من غیر معیاری گھی بھی ضائع کردیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر حیدرآباد فدا حسین کھوسو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مضر صحت اور غیر معیاری گھی کا گھریلو کارخانہ سر بمہر کردیا۔ یہ کارخانہ پنیاری تھانے کی حدود میں ایک گھر میں قائم تھا۔

کارروائی کے دوران غیر معیاری گھی بنانے والوں کے کارندوں نے سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پر ڈنڈوں سے حملہ بھی کیا تاہم سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کی جانب سے مزاحمت کرنے پر ملزمان فرار ہوگئے۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے چار من غیر معیاری گھی بھی ضائع کردیا جبکہ غیر معیاری گھی بنانے کا ساز و سامان بھی ضبط کرلیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی حیدرآباد فدا حسین کھوسو نے کہا کہ غیر معیاری اور مضر صحت گھی اور تیل بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔